مدینہ منورہ ۔۔۔۔سعودی وزیر نقل وحمل سلیمان الحمدان نے واضح کیا ہے کہ حرمین ٹرین 2018کے اختتام سے قبل چلنے لگے گی۔36ٹرینیں چلائی جائیں گی، ہر ایک سے470سواریاں سفر کرسکیں گی۔ ہر 10منٹ پر ٹرین ہوگی۔ ایک سال کے دوران 60ملین افراد سفر کرسکیں گے۔ ٹرین انتہائی تیز رفتار اور اعلیٰ ٹیکنالوجی سے آراستہ ہوگی۔ مدینہ منورہ سے مکہ مکرمہ کا سفر 2گھنٹہ50منٹ پرطے کریگی۔ جدہ کنگ عبدالعزیز ایئر پورٹ پر اسکا اسٹیشن تیاری کے آخری مرحلے میں ہے۔ یہاں سے مکہ اسٹیشن کا سفر 25منٹ میں طے ہوگا۔ ٹکٹ کی قیمت ابھی متعین نہیں کی گئی ۔حرمین ٹرین منگل کو جدہ سے کنگ عبداللہ اکنامک سٹی اور پھر وہاں سے مدینہ منورہ کا تجرباتی سفر کامیابی سے کرچکی ہے۔ وہاں سے واپسی کا سفر بھی انتہائی کامیاب رہا ۔ حرمین ٹرین کے اولیں مسافروں میں مدینہ منورہ کے نائب گورنر شہزادہ سعود بن خالد الفیصل اور مکہ مکرمہ کے نائب گورنر شہزادہ عبداللہ بن بندر ، وزیر نقل و حمل، ریلوے کے اعلیٰ عہدیدار،سعودی نوجوان ،اسپین کے وزیر مملکت برائے بنیادی ڈھانچہ اور صحافی تھے۔ٹرین پر کام کرنیوالے سعودی نوجوانوں کی خوشی دیدنی تھی۔مدینہ منورہ کے نائب گورنر نے سفر مکمل ہونے پر انتہائی مسرت کااظہار کرتے ہوئے کہا کہ بڑا آرام دہ سفر رہا۔ اس کی بدولت ضیوف الرحمان مکہ اور مدینہ آسانی سے آجاسکیں گے۔