نئی دہلی۔۔۔آپ اسے پسند کریں یا نہ کریں کیفین آج کل کی خوراک میں اہم مقام رکھتی ہے۔کافی ہو ،گرین ٹی ہو،عام چائے یا پھر انرجی ڈرنکس ان سب میں کیفین پائی جاتی ہے جس کے صحت پر بھی مثبت اثرات مرتب ہوتے ہیں۔کافی کی خوشبوسے ہی آدمی جھوم اٹھتا ہے۔ دوپہر کی نیند بھگانے جبکہ صبح کی سستی ختم کرنے کیلئے کافی ہمیشہ سے پسندیدہ مشروب سمجھی جاتی ہے لیکن حال ہی میں ایک نیا رجحان پیدا ہوا ہے وہ یہ کہ کافی کے ساتھ ناریل کا تیل ملایا جارہا ہے اور اسے ’’بلٹ کافی‘‘کہا جاتا ہے۔ اسے خوراک کا بھی متبادل سمجھا جارہا ہے۔ اس کے شوقین کہتے ہیں کہ اگرصبح کافی کے ساتھ ذرا سا ناریل کا تیل ملا لیا جائے تو جسم کو بڑی قوت ملتی ہے اور دن بھر آپ تروتازہ اور چوکس رہتے ہیں اسکے علاوہ کیلوریز جلانے کے بھی کام آتی ہے۔ اگرچہ اسے پینا مشکل کام ہے لیکن اسے پینے کے بعد آپ کا وزن کم ہوجاتا ہے۔ کافی کے ایک کپ میں ناریل کے تیل کے 2چمچے ملائے جاتے ہیں ، کچھ لوگ اس میں ہلکا سا نمک بھی ملالیتے ہیں۔لوگ سوال کرتے ہیں کہ آخر ناریل کے تیل کا فائدہ کیاہے ؟ تو سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ وہ چربی کو ایندھن میں تبدیل کردیتا ہے اور جسم کا یہ ایندھن انسان کو سست پڑنے نہیں دیتا۔ماہرین نے خبردار کیا کہ شروع میں یہ مرکب پینے سے آپ کو ڈائریا وغیرہ کی شکایت ہوسکتی ہے اس لئے ابتدا میں تیل کا کم استعمال کیا جائے۔