اسلام آباد... عبوری وزیر اعظم کے لئے مسلم لیگ(ن) کے نامزد امیدوار شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ عدالت کے فیصلے پر من و عن عمل کیا ہے۔ اس فیصلہ کو پاکستان کے عوام نے قبول کیا نہ عالمی سطح پر قبول کیا گیا اور نہ تاریغ اس کو قبول کرے گی۔ قانون کے مطابق کسی کو اقامہ پر نااہل نہیں کیا جا سکتا۔ چوہدری نثار پارٹی کے اہم رہنما ہیں اور رہیں گے۔محمد نواز شریف کے ایجنڈے کو آگے بڑھائیں گے۔ اتوار کو شاہد خاقان عباسی نے جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمن سے ملاقات کی ۔ ان سے وزارت عظمی کے انتخاب میں حمایت کی استدعا کی ۔ بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہد خاقان نے کہا کہ امید ہے ماضی کی طرح فضل الرحمن ملک کی بہتری کے لئے محمد نواز شریف کی پالیسیوں کے تسلسل میں مدد کریں گے۔انہوں نے کہا کہ مخالفین میرے خلاف ایک نہیں10 ریفرنس دائر کریں۔ ڈرنے والا نہیں۔ میرے اثاثے گزٹ آف پاکستان میں شائع شدہ ہیں۔ پوشیدہ نہیں۔الزام لگانے والے اپنے گریبان میں بھی جھانکیں۔ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ کابینہ کا فیصلہ ابھی نہیں ہوا۔مشاورت سے ہوگا۔ اس موقع پر مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ شاہد خاقان عباسی ہمارے دیرینہ ساتھی ہیں۔ اچھے مزاج کے حامل ہیں۔ سیاستدانوں کی خوبی یہ ہوتی ہے کہ وہ پیچھے مڑ کر دیکھنے کی بجائے آگے بڑھتے ہیں۔ان کی آنے والے حالات پر نظر ہوتی ہے۔ پیچھے دیکھنے کی بجائے آگے بڑھنے کی ضرورت ہے۔