لیموزین کمپنیوں پر ڈرائیور کارڈ اگلے مہینے سے لازمی
’لیموزین ڈرائیورز کے لیے ضروری ہوگا کہ وہ کارڈ حاصل کریں‘ ( فوٹو: سبق)
سعودی عرب کے تمام علاقوں میں لیموزین سروس کے شعبے سے وابستہ تمام ڈرائیوروں کے لیے ’ڈرائیور کارڈ‘ حاصل کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق فیصلے پر عملدر آمد یکم مئی سے ہوگا۔
لیموزین سروس کے ضوابط کے نئے قانون میں کہا گیا ہے کہ ’لیموزین ڈرائیورز کے لیے ضروری ہوگا کہ وہ کارڈ حاصل کریں جو ان کی لیموزین ڈرائیور کے طور پر اہلیت ثابت کرتا ہو‘۔
ضوابط میں اس بات پر سختی سے زور دیا گیا ہے کہ تمام لائسنس یافتہ ادارے اس انتظامی شرط کی مقررہ تاریخ سے قبل مکمل طور پر پابندی کریں۔
اس بات کی بھی تصدیق کی گئی ہے کہ کسی بھی ڈرائیور کو اس شعبے میں کام کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی جب تک کہ اس کے پاس ’ڈرائیور کارڈ‘ اور موثر ڈرائیونگ لائسنس موجود نہ ہو۔