حیدرآباد دکن۔۔۔۔مجلس اتحاد المسلمین کے صدر برسٹر اسدالدین اویسی نے کہا ہے کہ قیادت کے فقدان کے باعث مسلمانوں کی حیثیت بغیر جڑ کے درخت کی ہوگئی ہے۔ نئی دہلی میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کی پسماندگی کی وجہ قیادت کا فقدان ہے اور آج ان کے مسائل پر آواز اٹھانے والے بہت ہی کم لوگ ہیں۔ مجلس اتحاد المسلمین مسلم قیادت کو سامنے لانے پر زور دے رہی ہے اور یہ کوئی بری بات نہیں۔انہوں نے کہا کہ مسلمانوں سمیت دلتوں ، کمزور اور محروم طبقات کے حقوق کی حفاظت کرنا چاہتے ہیں۔ ہم صرف مسلمانوں کی بات نہیں بلکہ ملک کے ہر کمزور طبقے کی بات کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مسلمان نام نہاد سیکولر پارٹیوں کی مدح سرائی سے باہر نکلیں ، مسلمان نتیش کمار اور کبھی لالو یادو کی مدح سرائی میں لگے رہتے ہیں جس سے ان کا ایجنڈا بھی دب جاتا ہے ۔ انہوں نے بہار میں بی جے پی کوپھلنے پھولنے کا موقع فراہم کرنے کیلئے نتیش کمار کو ذمہ دار قراردیا۔اویسی نے کہا کہ سیمانچل کے مسائل اجاگر کرنے کیلئے نئی دہلی میں جلد کانفرنس کا انعقاد کیا جائیگا۔