کولمبو:سری لنکن ٹیم کے کپتان دنیش چندی مل نے کہا ہے ہند جیسی ٹیم کے خلاف کھیلتے ہوئے خطرات مول لینا پڑتے ہیں اور ہم سیریز میں خسارے کے باوجود آج شروع ہو نے والے دوسرے ٹیسٹ میں پورے اعتماد کے ساتھ مہمان ٹیم کا مقابلہ کریں گے۔گزشتہ روز کولمبوکے سنہالیز اسپورٹس کلب گراونڈ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ان کی ٹیم سیریز میں واپسی کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے اور ہم پہلے ٹیسٹ کی غلطیوں سے سبق سیکھنے کی ہر ممکن کوشش کریں گے۔انہوں نے امکان ظاہر کیا سری لنکن ٹیم اس میچ کے لئے ایک اضافی بولر کے ساتھ میدان میں اترے گی۔ہند اس وقت دنیا کی نمبر ون ٹیم ہے لیکن ہمارے لئے یہی بات مثبت انداز میں تحریک کا باعث ہو نی چاہئے اور ہم دنیا کی بہترین ٹیم کے خلاف کامیابی کے لئے اپنی تمام صلاحیتیں بروئے کار لانے کو تیار ہیں۔رنگانا ہیرتھ کی فٹنس کے بارے میں کپتان نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ وہ میچ کے لئے فٹ ہو جائیں گے اور میں چاہوں گا کہ ملندا اور ہیرتھ مل کر میدان میں اتریں۔وکٹ کے بارے میں چندی مل نے کہا کہ یہ خشک نظر آرہی ہے اور ممکنہ طور پر دوسرے دن اس پر گیند ٹرن ہوگی۔