میڈرڈ:عالمی شہرت یافتہ فٹبال کلب بارسلونا نے پیرس سینٹ جرمین کلب کو کہا ہے کہ انھیں فٹبالر نیمار کو حاصل کرنے سے قبل تقریباً 20 کروڑ پاونڈز ادا کرنا ہوں گے۔برازیل سے تعلق رکھنے والے بین الااقوامی شہرت یافتہ کھلاڑی نیمار بدھ کو اپنے والد اور نمائندوں کے ہمراہ تربیت کےلئے آئے اور انھوں نے ہسپانوی کلب سے کہا کہ وہ یہ کلب چھورنا چاہتے ہیں۔جس کے بعد بارسلونا کے منیجر ایرنیسٹو والویرڈ نے کہا کہ نیمار ’اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کر سکتے ہیں۔‘خیال کیا جاتا ہے کہ پی ایس جی فٹبال کلب 25 سالہ نیمار کےلئے یہ پیسے دینے کو تیار ہے۔یہ تازہ پیشرفت اس وقت ہوئی جب دو روز قبل یہ بات سامنے آئی کہ اگر پی ایس جی نیمار کے ساتھ معاہدے کرتا ہے تو بارسلونا اس کے خلاف فنانشل فیئر پلے کے سلسلے میں تحقیقات کروائے گا۔خیال رہے کہ نیمار نے 2013 میں برازیلین کلب سینٹاس کو چھوڑ کر چار کروڑ 60 لاکھ پاونڈز کے عوض بارسلونا میں شمولیت اختیار کر لی تھی۔ اس کے بعد انھوں نے 2016 میں اسی کلب کے ساتھ نیا پانچ سالہ معاہدہ کر لیا تھا۔نیمار کے نمائندے ویگنار ریبیرو نے بدھ کے روز پیرس سے ٹویٹ کی کہ گذشتہ سال نیمار کو فرانسیسی کلب میں شامل ہونے کے لیے ہفتہ وار ساڑھے 6 لاکھ پاونڈز ٹیکس فری کی آفر کی گئی تھی۔ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ’نیمار مانچسٹر یونائیٹڈ کے ساتھ بھی معاہدہ کرنے کے انتہائی قریب پہنچ گئے تھے۔‘نیمار حال ہی میں امریکہ میں ہونے والے انٹرنیشنل چیمپیئینز کپ میں کیٹالان کے جانب سے کھیلے جس کے بعد وہ چین روانہ ہو گئے جہاں انھوں نے کمرشل معاہدے مکمل کرنے تھے۔