لکھنؤ۔۔۔۔۔یوپی کی سیاست میں ہلچل کا دور ہے ۔ایک طرف جہاں سماج وادی پارٹی کے ارکان ،دوسری پارٹی میں شمولیت اختیار کررہے ہیں وہیں بی ایس پی کے سابق وزیر اندر جیت سروج کو بھی نکا ل دیا گیاہے۔جب اندرجیت کو پارٹی سے نکالے جانے کا علم ہوا تو انہوں نے کوشانبی کے ضلعی صدر کو استعفیٰ پیش کردیا۔الہ آباد میں پریس کانفرنس سےخطاب کرتے ہوئے ڈویژنل کوآرڈینیٹر ڈاکٹر اشوک گوتم نے بتایا کہ فی الحال اندرجیت پارٹی کے کسی بھی عہدے پر نہیں۔ڈاکٹر اشوک نے بتایا کہ اندر جیت پارٹی سپریمو مایاوتی پر الزامات اور بیان بازی کیا کرتے تھے۔میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ مایاوتی نے فون پر پارٹی کی حالت خراب ہونے کی بات کہی اور کہا تھا کہ ودھان سبھا کی 403سیٹوں کیلئے رجسٹر تیارکیا جائے اور ہر حلقے سے 9لاکھ 22ہزار روپے تک وصو ل کرکے پارٹی کیلئے فنڈ جمع کئے جائیں ۔جب میں نے اس طرح رقم جمع کرنے سے انکار کردیا تو مایاوتی نے مجھے پارٹی سے نکال دیااور کہا کہ پارٹی میں آپ کی ضرورت نہیں۔اندر جیت نے پارٹی سے نکالے گئے نسیم الدین کا حوالہ بھی دیا جس کے بعد انہوں نے اپنے250حامیوں کے ساتھ پارٹی ضلع صدر ہری لال بودھ کو استعفیٰ پیش کردیا۔ اطلاع کے مطابق بی ایس پی کو بھاری نقصان پہنچ سکتا ہے کیونکہ کوشامبی میں 250حامیوں اور پارٹی کے سرگرم کارکنوں نے بی ایس پی سے اپنا دامن جھاڑ لیا ہے۔