اسلام آباد ...تحریک انصاف کے رہنما اور رکن قومی اسمبلی مراد سعید نے ریحام خان کی پریس کانفرنس پر رد عمل میں کہا ہے کہ ریحام حلف اٹھاکربتائیں کہ ان کے ن لیگ سے رابطے نہیں ہیں۔ ایک وڈیو بیان میں مرادسعید نے کہا کہ ریحام خان کسی الزام تراشی سے قبل چند سوا لات کے جواب دیں۔ انہوں نے سوال کیا کہ قرآن پر ہاتھ رکھ کر بتائیں سرینا ہوٹل میں کس کس سے ملاقاتیں کرتی رہیں؟ دورہ سوات کے دوران زیر استعمال گاڑی کس کی تھی؟کیا ایک سیاسی جماعت کے رہنما کے گھر ضیافتوں کا اہتمام نہیں کیا گیا؟کیا آپ امیر مقام اور ن لیگ سے اپنے تعلق اور رابطوں کو جھٹلائیں گی؟ اپنے سیاسی عزائم اور الزامات کے پیچھے کارفرما سازش سے انکار کریں گی؟۔انہوں نے کہا کہ سیاست میں غلاظت کا کھیل کھیلا جا رہا ہے۔ اسی غلاظت کے خاتمے کیلئے عمران خان پڑھے لکھے نوجوان کو سیاست میں لائے۔ انہوں نے کہا کہ نااہلی کے بعد نواز شریف نے الزام تراشی کی شرمناک مہم شروع کی ہے۔ ریحام خان کی جانب سے قرآن ہاتھ میں اٹھا کر الزام تراشی کردار کشی کی نئی کوشش ہے۔واضح رہے کہ ریحام نے پریس کانفرنس میں نام لئے بغیر عمران خان کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ آپ کا مقصد پورا ہو چکا۔ نواز شریف نااہل ہو گئے، اب تو میرا پیچھا چھوڑدیں۔