ایمسٹر ڈیم :ہالینڈ کی ویمنز فٹبال ٹیم نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد فیورٹ ٹیم ڈنمارک کو 4-2سے شکست دے کر پہلی مرتبہ یورپیئن چیمپئین بننے کا اعزاز حاصل کرلیاجبکہ ہوم گراونڈ پر فتح نے اس کامیابی کو چار چاند لگا دیئے ویویانے میڈیما نے2گول کرکے ٹیم کی فتح میں بنیادی کردار اد کیا۔۔ڈنمارک کی ٹیم نے 6مرتبہ کی دفاعی چیمپیئن جرمنی کو شکست دے کر سیمی فائنل اور پھر پہلی مرتبہ فائنل تک پہنچنے میں کامیاب ہوئی تھی لیکن میزبان ٹیم نے اس کے چیمپیئن بننے کی امیدیں خاک میں ملا دیں ۔ ڈینش کھلاڑی نادیہ ندیم نے میچ کے پانچویں منٹ میں گول کرکے اپنی ٹیم کو برتری دلائی تھی لیکن ہالینڈ کی ویویانے میڈیما نے 4منٹ کے بعد میچ برابر کر دیا ۔دنوں ٹیموں کی جانب سے فتح کے لئے بھرپور کوشش ہوئی او ر33منٹ کے کھیل میں4گول اسکور کئے گئے جس سے مقابلہ مزید سنسنی خیز ہوگیا۔میزبان ہالینڈ کی جناب سے مارٹینیزنے دوسرا گول کرکے ٹیم کو برتری دلائی جسے ڈنمارک نے برابر کردیا تھا ۔ ڈنمارک کا دوسرا گول ہارڈرکے حصے میں آیا جنہبوں نے پنالٹی کک پر گول کرکے کھیل میں دلچسپی بڑھا دی۔ میچ کے دوسرے ہاف میں ہالینڈ نے شیریڈا کے گول کی بدولت پھر برتری حاصل کرلی۔ اس مرحلے پرڈینش کھلاڑیوں نے ہالینڈ پر دباﺅ بڑھانے کی کوشش کی لیکن اس کی دفاعی کھلاڑیوں نے انہیں کامیاب نہیں ہو نے دیا۔ اسی دوران کھیل کے آخری مراحل میں ہالینڈ کی ٹیم کو گول کرنے کا ایک اور موقع مل گیا جس سے فائدہ اٹھاتے ہوئے ویویانے میڈیما نے اپنا دوسرا اور ٹیم کا چوتھا گول کرکے ہالینڈ کی فتح پر مہر تصدیق ثبت کردی۔صرف تین منٹ ریفری نے وسل بجا کر فائنل کے اختتام کا اعلان کردیا اور یوں ڈچ خواتین ٹیم نئی یورپییئن چیمپیئن بن گئی۔یہ کامیابی اس لئے بھی خصوصی اہمیت کی حامل ہے ہالینڈ کی مینز ٹیم یورپیئن چیمپیئن شپ کے لئے کالیفائی کرنے میں ناکام رہی تھی اور اب اسے ورلڈ کپ تک رسائی کا چیلنج بھی درپیش ہے۔