کراچی آرٹس کونسل کے زیر اہتمام ستار نواز استاد رئیس خان کو خراج تحسین
شائستہ جلیل:پاکستان کے لیجنڈ فنکار دنیا سے رخصت ہونے کے بعد بھی اپنے فن کی بدولت دلوں میں زندہ رہتے ہیں۔ ایسے ہی ایک لییجنڈ موسیقار ستار نواز استاد رئیس خان کو ان کے فنی مہارت اور صلاحیتوں کی بنا پر ہمیشہ یاد رکھاجائے گا۔ استاد رئیس برصغیر کے مایہ ناز موسیقار رہے ہیں۔دنیا سے کوچ کرجانے کے بعد بھی ان کا فن آج بھی زندہ ہے۔اسی فن کی بنا پر پاکستان کے معروف ستاار نواز استاد رئیس خان کو خراج تحسین پیش کرنے کے لئے کراچی آرٹس کونسل میں ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا۔تقریب کے دوران آرٹس کونسل کراچی کے صدر احمد شاہ نے رئیس خان کو خراج تحسین پیس کرتے ہوئے کہاکہ استاد رئیس خان نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر میں اپنی پرفارمنس کے حوالے سے پہچان رکھتے تھے۔ انہوں نے دنیا بھر میں اپنے فن کے ذریعے پاکستان کا نام روشن کیا۔ احمد شاہ کے بقول ہمارے لئے یہ بڑے اعزاز کی بات ہے کہ استاد رئیس احمدخان نے ہندوستان کی وسیع فلمی انڈسٹری کو خیرباد کہہ کر پاکستان کی شہریت حاصل کی ۔وہ اپنے فن میں کمال رکھتے تھے۔ آرٹس کونسل نے ان کی زندگی میں بھی ان کی پذیرائی کی اور ان کے انتقال کے بعد بھی ۔استاد رئیس احمد کی بیوہ ممتاز فنکارہ بلقیس خانم کا کہنا تھا کہ رئیس خان خود بہت ہی نفیس اور انسانوں سے پیار کرنے والے تھے۔ ان کی بے شمار یادیں ہیں۔کراچی آرٹس کونسل کی جانب سے استاد رئیس خان کے فن کو زندہ رکھنے کے لئے ان کے صاحبزادوں کی ہر ممکن حوصلہ افزائی کرنے کا اعلان کیا گیاہے۔تقریب کے اختتام پر استاد رئیس خان کے صاحبزادے فرحان رئیس نے خوبصورت پرفارمنس سے اپنے والد کو خراجِ تحسین پیش کیا۔واضح رہے کہ لیجنڈ موسیقار استاد رئیس خان ہندوستان کے شہر اندور کے ایک موسیقار گھرانے میں پیداہوئے تھے۔ انھوں نے بچپن ہی سے موسیقی سیکھنے کا آغاز کیا اور ستار کو اپنا فن محور بنایا جبکہ کلاسیکل گائیکی میں بھی آواز کا جادوجگایا۔ وہ ہندوستان میں ہی مقیم رہے ۔ستار نوازی کے ماہر استاد رئیس نے معروف ہندوستانی موسیقار مدن موہن کے ساتھ کئی فلموں کے لئے موسیقی پیش کی۔ بعد ازاں 80 کی دہائی میں وہ پاکستان آگئے اور یہاں اپنی موسیقی کے فن کو منوایا۔ یہ لیجنڈ موسیقار رواں برس 7 مئی کو عارضہ قلب کے سبب دار فانی کوچ کرگئے تھے۔استاد رئیس خان کو 2005 میں حکومت کی جانب سے اعلی شہری اعزاز”صدارتی تمغہ حسن کارکردگی“ سے نوازا گیا جاچکاہے جبکہ رواں برس انہیںان کی بے پناہ صلاحیتوں پر حکومت پاکستان کی جانب سے ”تمغہ امتیاز“ بھی دیاگیاہے۔