Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کانگریس کا یوگی حکومت سے استعفے کا مطالبہ

گورکھپور ۔۔۔۔وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کے پارلیمانی حلقہ گورکھپورمیں واقع بابا رگھوداس میڈیکل کالج میں ہونیوالی بچوں کی اموات کا ذمہ دار ریاستی حکومت کو قراردیتے ہوئے کانگریس جنرل سیکریٹری اور راجیہ سبھا میں اپوزیشن لیڈر غلام نبی آزاد نے وزیر اعلیٰ سے استعفے کا مطالبہ کیا۔ غلام نبی آزاد نے میڈیکل کالج و اسپتال کا دورہ کرنے کے بعد کہا کہ اس واقعہ میں ملک مجروح ہوا ہے ، حکومت کی مبینہ لاپروائی سے بچوں کا خاندان صدمے سے دوچار ہوا۔ اس سانحہ پر اترپردیش کے وزیر اعلیٰ ، وزیر صحت اور محکمہ سیکریٹری کوفوراً استعفیٰ دینا چاہئے۔ پارٹی کے ریاستی صدر راج ببر کے ساتھ گورکھپور آنے والے کانگریس کے رہنما نے کہا کہ یہ حکومت کی ذمہ داری ہے، اس میں ڈاکٹروں کی کوئی غلطی نظر نہیں آرہی۔ مرکز میں وزیر رہتے ہوئے انہوں نے اس میڈیکل کالج و اسپتال کی مدد کی تھی ۔ ان کا دعویٰ تھا کہ اترپردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کے حلقہ گورکھپور کے میڈیکل کالج میں 2دن میں 26بچوں سمیت 63مریضوں کی موت ہوگئی۔ اس کی وجہ آکسیجن سپلائر کمپنی کومطلوبہ رقم کی ادائیگی میں تاخیر بتائی جارہی ہے۔ غلام نبی آزاد نے کہا کہ مقامی اخبارات میں آکسیجن کی کمی اور دیگر خامیوں کی بابت خبریں تسلسل سے شائع ہورہی تھیں لیکن حکومت نے اس پرکان نہیں دھرا۔انہوں نے نہایت وثوق سے کہا کہ اسپتال میں ایک ماہ سے آکسیجن کی کمی تھی ۔ ریاست میں جنگل راج قائم ہوگیا ہے۔ انہوں نے ارکان پارلیمنٹ سے معاملے کی تحقیقات کرانے کا بھی مطالبہ کیا ۔ ذرائع کا دعویٰ ہے کہ میڈیکل کالج 6ماہ میں 69لاکھ روپے کی آکسیجن ادھارلے چکاہے ۔آکسیجن فراہم کرنیوالی کمپنی کا کہنا ہے کہ متعددبار خط لکھنے کے بعد بھی ادائیگی نہیں کی گئی۔ نائب وزیر اعلیٰ کیشو پرساد موریہ اورریاستی حکومت کے ترجمان اور وزیر صحت سدھارتھ ناتھ سنگھ نے الزام عائد کیا کہ اپوزیشن کا بیان سیاست پر مبنی ہے۔

شیئر: