واشنگٹن۔۔۔۔آج کی جدید مسلح افواج جنگ میں الیکٹرانک ڈیوائسز پر بھرپور انحصار کررہی ہیں اور وہ ہر لمحے اس شعبے میں نئی نئی ایجادات پر انحصار کرتی ہیں۔ امریکی فوج کے سائنسدانوں نے ایک ایسا پاؤڈر تیار کیا ہے جس کے نتیجے میں فوجی محاذِ جنگ پر اپنے الیکٹرانک آلات کو فوری طور پر چار ج کرسکیں گی ۔انہوں نے بیٹریوں کا وزن کم کرنے کے طریقے بھی تلاش کرلئے ہیں۔ تجربات کے دوران انہوں نے پانی میں بھی بجلی پیدا کرنے کا مواد دریافت کیا۔ اس تجربے سے حاصل ہونیوالی ہائیڈروجن الیکٹرانک گیجٹس کو بجلی پہنچانے والے سیل میں استعمال ہوگی۔انہوں نے اس تجربے کے دوران ریموٹ سے کنٹرول ہونیوالے ٹینک کو بھی چلا کر دیکھا۔یوں فوجیوں پر بیٹری کا جووزن ہوا کرتا تھا اس سے بھی نجات ملے گی کیونکہ یہ پاؤڈر انتہائی کم وزنی ہے۔ میری لینڈ میں امریکی فوجی ریسرچ لیباریٹری کا کہنا ہے کہ یہ پائوڈر پانی میں ملا دیا جائے تو اس سے بلبلے اٹھتے ہیں۔ انہیں فوری احساس ہوا کہ یہ بلبلے اُس وقت پیدا ہوتے ہیں جب پانی آکسیجن اور ہائیڈورجن میں تقسیم ہوتا ہے اور پھر یہی ہائیڈروجن بجلی پیدا کرنے کیلئے فیول سیل میں استعمال کیاجاسکتاہے۔