کویت : پاکستانی سفارتخانے میں یوم آزادی پر پرچم کشائی
پاکبانوں کو اتحاد و یکجہتی سے رہنے کی تلقین،وطن کی فلاح کیلئے دعائیں
کویت(محمد عرفان شفیق) پاکستان کے 70ویں یوم آزادی کے موقع پر کویت میں پاکستانی سفارتخانہ میں پرچم کشائی کی تقریب منعقد کی گئی۔ کویت میں غلام دستگیر نے پرچم کشائی کی۔ اس موقع پر پاکستانی کمیونٹی کی ایک کثیر تعداد اپنی فیملیوں کے ساتھ موجود تھی اور ہر کوئی ملی جذبے سے سرشار تھا۔کویت میں ورکنگ ڈے ہونے کے باوجود پاکبان کثیر تعداد میں شریک ہوئے۔ اس کے بعد تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام سے ہوا۔ پھر سفیر پاکستان نے صدر پاکستان ممنون حسین اور وزیراعظم پاکستان شاہد خاقان عباسی کے پیغامات پڑھ کر سنائے۔سفیر پاکستان نے اپنے پیغام میں کمیونٹی کے اتحا د اور یگانگت پر زور دیا اور کہا کہ ہمارے قول و فعل میں تضاد نہیں ہونا چاہیے۔ انھوں نے کویت میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کو 14اگست کی مبارکباد پیش کی۔ آخر میں ملک و قوم کی ترقی اور خوشحالی کے لئے دعا کی گئی اور 14اگست کی مناسبت سے کیک کاٹا گیا۔ تقریب میں موجود شرکاء کی تواضع روایتی ناشتے سے کی گئی۔