اورنگ آباد/ایوت محل۔۔۔۔ضلع و سیشن جج نے 7سالہ لڑکی سپنا پڑسکر کی بلی چڑھانے والے 7مجرموں کو سزائے موت کا حکم دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق2012میں ایوت محل ضلع کے گھاٹن جی قصبہ کے چورمبہ گاؤں میں گاؤں کی خوشحالی کے نام پر 7سالہ سپنا گوپال پڑسکر نامی لڑکی کی اس کے قریبی رشتے داروں نے بلی چڑھادی تھی۔ اس کا ماما منوج ، نانا پونا جی ، دادی یشودھا کے علاوہ دیوی داس ، رام چندر ، موتی رام شامل تھے۔ ساتوں ملزمان کیخلاف پولیس نے قتل کا مقدمہ درج کرکے انہیں گرفتار کرلیا تھا۔ پولیس نے بعد ازاں عدالت میں فرد جرم داخل کردی تھی ۔ مقدمہ کی سماعت کے دوران ڈی این اے رپورٹ اور دیگر ثبوت اور شواہد کی بنیاد پر ایڈیشنل سیشن جج اے ایس واگھمار ے نے ساتوں ملزمان کو پھانسی کی سزا کا حکم دیا ہے۔