لکھنؤ----گورکھ پور کے بی آر ڈی میڈیکل کالج میں بچوں کی موت پر ریاست کے وزیر صحت سدھارتھ ناتھ سنگھ کے بیان پر کہ اگست مہینہ میں بچوں کی اموات میں اضافہ ہوجاتا ہے، ہرطرف سے اس کی مذمت ہورہی ہے۔ اس سے ناراض سماج وادی پارٹی کے طلبا بازو نے وزیر کے راجاپورمیں واقع مکان پر ٹماٹر اور انڈے پھینکے۔ اس سے قبل کانگریسی کارکنان بھی ان کے مکان کے باہر مظاہرہ کرچکے ہیں۔ وزیر کے مکان پر ہنگامے کی اطلاع ملتے ہی کھلبلی مچ گئی۔ فوراً ضلع انتظامیہ اور پولیس کے اعلیٰ افسروں کو مطلع کیا گیا۔ کچھ ہی دیر میں موقع پر پولیس کے ساتھ پی اے سی بھیج دی گئی۔ گھر پر فورس تعینات کر دی گئی ہے۔ سدھارتھ ناتھ سنگھ کے بیان پر عوام سخت برہم ہیں اور وہ اسے انتہائی شرم ناک قرار دے رہے ہیں۔ ناراض سماج وادی پارٹی کے طلبا نے کوڑے دان سے گندگی اٹھاکر بھی ان کے گھر کے اندر پھینک دی۔ اس دوران ان کا استعفیٰ بھی مانگا گیا۔ استعفیٰ نہ دینے پر آر پار کی لڑائی کا انتباہ دیا ۔