نیویارک۔۔۔۔۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ریاست ورجینیا میں ہونے والے پرتشدد مظاہروں کے لیے دونوں فریقوں کو قصور وار ٹھہرادیا ۔ اس بیان پر انھیں شدید تنقید کا سامنا ہے۔ نیویارک سے جاری کردہ بیان میں انھوں نے سفید فام نسل پرستوں کی مذمت کی اور اگلے ہی روز انھوں نے بائیں بازو کے دھڑوں کو بھی قصور وار ٹھہرایا اور کہا کہ بائیں بازو والوں نے دائیں بازو کے انتہاپسند پر دھاوا بولا تھا۔ان ہنگاموں میں ہیتھر ہائر نامی 32 سالہ خاتون اس وقت ہلاک ہو گئی تھیں جب ایک شخص نے ان پر کار چڑھا ئی جبکہ متعدد افراد زخمی بھی ہوئے۔تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ صدر ٹرمپ واقعی یہ سمجھتے ہیں کہ سفید فام نسل پرستوں میں بھی اچھے لوگ موجود ہیں۔ اگر ان کی جانب سے نسل پرستوں کی مذمت میں تاخیر نے ایک سیاسی آگ بھڑکائی تھی جبکہ گزشتہ روز کے بیان نے جلتی پر تیل کی بالٹی پھینک دی ہے اور وہ شعلوں کے گرد ناچ رہے ہیں۔