دمبولا:ہند نے شیکھر دھون کی دھواں دار سنچری کی مدد سے سری لنکا کیخلاف ون ڈے سیریز کا پہلا میچ بآسانی 9وکٹوں سے جیت لیا۔ 5میچوں کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کرلی۔دمبولا کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس میچ میں سری لنکا کی پوری ٹیم 43.2اوورز میں 216رنز پر ڈھیر ہوگئی ،جواب میں ہند نے شیکھردھون کی شاندار سنچری اورویرات کوہلی کی ذمہ دارانہ بیٹنگ کی بدولت ایک وکٹ کے نقصان پرہدف حاصل کرلیا۔سری لنکا کے ڈیک ویلا نے 64،دنوشکا گوناتھیلاکا نے 35، مینڈس نے 36اور اینجلومیتھیوز 36 رنز ناٹ آوٹ بنائے ۔ہندکے اشر پٹیل نے میچ میں 34رنز دے کر 3 جبکہ جادیو،چاہل اور بمرا نے بالترتیب 26،60،22 رنز دے کر 2،2 وکٹیںحاصل کیں۔ہدف کے تعاقب میں ہند کی پہلی وکٹ 23کے اسکور پر گر گئی ،روہت شرما 4رنز بناکر آوٹ ہوگئے ،اس کے بعد شیکھردھون نے کپتان ویرات کوہلی کےساتھ مل کر 197رنز کی ناقابل شکست شراکت قائم کی۔سری لنکا کے 216 رنز کے جواب میںہند نے 29ویں اوور میںہی 220رنز بنا کر ہدف حاصل کرلیا۔اوپنر شیکھردھون نے 90گیندوں پر 132رنز کی شاندار اننگز کھیلی جس میںانہوں نے20چوکے اور 3چھکے لگائے۔دوسرے اینڈ پر موجود کپتان ویرات کوہلی نے 70گیندوں پر 82رنزبنائے،انہوں نے اننگ کے دوران 10چوکے اور ایک چھکا لگایا۔میچ میں عمدہ کارکردگی دکھانے پر شیکھردھون کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرا میچ 24 اگست کو کھیلا جائے گا۔