واشنگٹن .... امریکہ میں تیل اور گیس کے کنوﺅں سے ایک میل قریب اندازاً17.6ملین لو گ رہتے ہیں اور یہ سب لوگ زہریلی گیسوں کا شکار رہتے ہیں جس کے نتیجے میں کینسر ،دل کے امراض، نسیان کا مرض او ربچوں کی ولادت کے وقت ان میں نقائص کا سبب بنتے ہیں۔ ان کنوﺅں سے اٹھنے والی زہریلی گیسوں کے نتیجے میں پوری فضا آلودہ رہتی ہے۔ ویسٹ ورجینیا کی آبادی کا نصف حصہ ایسے ہی تیل اور گیس کے کنوﺅں کے قریب آباد ہے۔ سائنسدانوں نے حکومت کو تجویز پیش کی کہ کچھ ایسے ضابطے اور پالیسیاں بنائی جائیں جس سے قریبی آبادی کو نقصان نہ ہو۔ اندازہ لگایا گیا ہے کہ امریکہ کی تقریباً5فیصد آبادی روزانہ کی بنیاد پر ضرر رساں گیسوں سے متاثر ہوتی ہے۔ ماہرین نے کہا کہ یہ رپورٹ صحت عامہ کے عہدیدارو ںکیلئے ریڈ سگنل ہے۔ تیل اور گیس کے کنوﺅں کے نتیجے میں ہوا ، پانی اور مٹی کا معیار بدترین ہوجاتا ہے اور اس میں بینزین کی مقدار بڑھ جاتی ہے۔