ڈیرہ سچا سودا کے7لوگوں پر غداری کا مقدمہ
چنڈی گڑھ۔۔۔۔ڈیرہ سچا سودا سربراہ کی سیکیورٹی پر مامور ہریانہ پولیس کے 5اہلکاروں سمیت 7افراد کیخلاف ملک سے غداری اور قتل کی کوشش کا معاملہ درج کیا گیا ہے۔ یہ لوگ 25اگست کو ڈیرہ سربراہ کی حفاظت پر تعینات تھے۔ یہاں ایک پریس کانفرنس میں ڈی جی نے کہا کہ پنجاب و ہریانہ ہائیکورٹ نے ریاستی پولیس کو ہدایت دی تھی کہ وہ ڈیرہ کے 5رہنماؤں کی جانب سے ڈیرہ حامیوں کو مبینہ طور پر اکسانے کی بابت ایک ہندی اخبار میں شائع خبر کی تصدیق کریں۔اخبار کی رپورٹر کی جانب سے ڈیرہ کے 2اہم کارکن انساں اور دھیمان انساں کیخلاف دیئے گئے بیان کے بعد پنچکولہ پولیس اسٹیشن میں ایف آئی آر درج کرائی گئی ۔دونوں پر ملک سے غداری کا معاملہ درج ہے۔ دوسری جانب پنجاب اور ہریانہ کے افسران نے عدالت کی ہدایت پر سرسہ میں واقع ڈیرہ سچا سودا کی املاک کی تفصیلات جمع کرنا شروع کردی ہیں۔ دونوں ریاستوں کے ریونیو افسران زیادتی کے معاملے میں سزایافتہ گرمیت کی قیادت والے ڈیرہ کی جائدادوں کی تفصیلات جمع کررہے ہیں۔ بینکوں سے ڈیرہ کے کھاتے مہیا کرانے کیلئے کہا گیا ۔ اسکے علاوہ حکم امتناعی کی خلاف ورزی کرنے پر ڈیرہ کے 5پیروکاروں کو گرفتار کرلیا گیاہے۔