تھائی لینڈ : والدین نے 8ماہ کے بچہ سے منہ موڑ لیا
بینکاک.... کبھی کبھی والدین کتنے بے رحم اور سفاک ہوجاتے ہیں اسکا اندازہ یہاں پیش آنے والے واقعہ سے لگایا جاسکتا ہے۔ جنوری میں سائمونا سائما نامی بچہ غیر معمولی بڑے سر کے ساتھ پیداہوا تھا جس کے بعد ڈاکٹروں نے اسکے دماغ میں موجود مواد اور پانی کو نکالا تاہم اسکے نتیجے میں بچے کی کھوپڑی کی بالائی پرت بدہیئت ہونے لگی اور بچے کی کھوپڑی کے اوپر تقریباً2انچ کا گڑھا پڑ گیا۔ بچے کے والدین غریب بتائے جاتے ہیں اور انہوں نے اب حالات سے مجبور ہوکر اسکے علاج کی طرف سے بھی غفلت برتنا شروع کردی ہے۔ والدین کاکہناہے کہ یہ بدنصیب بچہ نہ تو دوسرے بچوں کی طرح چیخ سکتا ہے اور نہ ہی رینگ سکتا ہے۔ یہ بچہ شمالی تھائی لینڈ کا رہنے والا ہے۔ والدین کے منہ موڑنے کے بعد اس کی دادی واحد سہارا ہے جن کی عمر 48سال ہے اور جو خود بھی بیمار رہتی ہیں۔ بچے کے سر کا سائز دوبارہ بڑا ہونے لگا ہے اس لئے اس کی زندگی کی کوئی ضمانت نہیں دی جاسکتی۔