وزیرِ داخلہ محسن نقوی کی سعودی عرب کے سفیر سے ملاقات، تعلقات کے فروغ پر تبادلہ خیال
اتوار 20 اپریل 2025 10:44
ملاقات میں دو طرفہ تعلقات کے فروغ اور باہمی تعاون بڑھانے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔ فوٹو: سکرین گریب
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کی سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید احمد المالکی سے ملاقات ہوئی ہے۔
وزارت داخلہ سے جاری بیان کے مطابق سعودی سفارتخانے میں ہونے والی ملاقات میں دو طرفہ تعلقات کے فروغ اور باہمی تعاون بڑھانے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔
وزیرداخلہ محسن نقوی نے معاشی و سماجی شعبوں میں پاکستان کا بھرپور ساتھ دینے پر سعودی عرب کی حکومت اور سفیر کا شکریہ ادا کیا۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان گلف تعاون کونسل انسداد منشیات کانفرنس میں سعودی عرب کے اعلٰی سطح کے وفد کی شرکت پر مشکور ہیں، انسداد منشیات اور انسانی سمگلنگ کی روک تھام کے لیے سعودی عرب کے ساتھ تعاون بڑھانا چاہتے ہیں۔
وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ بھکاریوں اور غیر قانونی امیگریشن روکنے کے لیے پاسپورٹ کے حصول کے لیے نئی شرائط عائد کی جا رہی ہیں جبکہ بھکاری مافیا کے خلاف گھیرا تنگ کر دیا گیا ہے۔
محسن نقوی نے منشیات کیس میں ملوث بے گناہ خاندان کی رہائی کے لیے بھر پور تعاون پر بھی سعودی حکومت اور سفیر کا شکریہ ادا کیا۔
وزیر داخلہ نے ملاقات میں کہا کہ سعودی حکومت کے تعاون کی بدولت ہی خاندان کے 5 افراد کو رہائی ملی اور وطن واپس آئے ہیں۔