سپریم کورٹ میں آدھار کارڈ پر سماعت نومبر میں
نئی دہلی۔۔۔۔۔سپریم کورٹ آدھار کارڈسے متعلق معاملوں کی سماعت نومبر کے پہلے ہفتے میں کریگی۔آدھارکارڈ کو چیلنج کرنے والے درخواست گزاروں کی جانب سے سینیئر وکیل شیام دیوان نے چیف جسٹس دیپک مشرا کی قیادت والی 3رکنی بنچ کے سامنے معاملے کا خصوصی ذکرکرتے ہوئے جلد سماعت کی اپیل کی ۔ مرکز کی جانب سے اٹارنی جنرل کے وینو گوپال نے کہا کہ حکومت مختلف فلاحی اسکیموں کا فائدہ اٹھانے کیلئے آدھار کارڈ کو لازمی قرار دینے کی آخری تاریخ 31دسمبر تک بڑھا دی ہے۔ اسکے بعد عدالت نے کہا کہ اس مدت میں توسیع کے فیصلے کے بعد سماعت کی فوری ضرورت نہیں۔ عوامی فلاحی اسکیموں اور پروگراموں کا فائدہ اٹھانے کیلئے آدھار کارڈکارآمد بنانے کی آخری تاریخ 30ستمبر طے تھی تاہم اب 31دسمبر تک بڑھا دی گئی ہے۔