Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حجاج کرام نے جمرہ کبریٰ پر کنکریاں ماریں اور قربانی کی

منی:لاکھوں حجاج کرام نے آج جمعہ کوجمرہ ٔکبریٰ پر رمی کی، بال منڈوا ئے یا ترشوائے اور سنت ابراہیمی کی پیروی کرتے ہوئے قربانی کی۔ حجاج کرام ہفتہ اوراتوارکو بھی رمی کریں گے۔ تفصیلات کے مطابق دنیا بھر سے آنے والے لاکھوں حجاج کرام نے حج کا اہم ترین رکن  وقوف عرفہ ادا کرنے کے بعد مزدلفہ میں رات گزار کر منیٰ پہنچ گئے ۔بعض حجاج کرام رات کے آخری پہر منیٰ پہنچ چکے تھے جبکہ اکثر نے مزدلفہ  او ر منیٰ کی حدود پر نماز فجر کا انتظار کیا ۔ مزدلفہ میں نماز فجر ادا کرتے ہی جوق در جوق قافلوں کی صورت میں حجاج کرام منیٰ پہنچنا شروع ہوگئے تھے ۔ رمی کے بعد حجاج کرام نے قربانی کی۔ اعلیٰ حج کمیٹی کی منصوبہ بندی کے مطابق مزدلفہ سے منیٰ پہنچنے والے عازمین نے پہلے اپنے خیموں کا رخ کیا ، وہاں سامان رکھا اور پھر قافلوں کی صورت میں بڑے شیطان کو کنکریاں ماریں۔کنکریاں مارنے کے بعد ضیوف الرحمن نے بال منڈوائے اور ترشوائے۔ منیٰ میں تمام تر انتظامات مکمل کر لئے گئے تھے جن میں اضافی قصابوں کا بندوبست اور مویشیوں کی آلائشیں فوری طور پر اٹھانے کا اہتمام بھی شامل ہے ۔ میونسپلٹی کا کہنا ہے کہ قربان گاہوں میں لائے جانے والے جانوروں کا طبی معائنہ کرنے کے لئے طبی عملے کی بھی خدمات مہیا کی گئی ہیں ۔ اس ضمن میں عرفات اور منیٰ میں بہترین انتظامات دیکھے گئے ۔ دوسری طرف جمرہ کبریٰ کی رمی کے دوران کسی قسم کا کوئی حادثہ پیش نہیں آیا۔جمرات کی زیریں منزل سمیت تمام بالائی منزلیں رمی کیلئے کھولی گئیں۔ حج انتظامیہ نے جمرات کو جانے والے تمام راستوں پر خصوصی حج فورس کے اہلکاروں کو تعینات کردیا تھا جو مزدلفہ سے آنے والے حجاج کو منظم کر رہے تھے۔ ہزاروں حاجیوں نے منیٰ  میں بڑے شیطان کی رمی کے بعد حلق اور تقصیر کی اور مکہ مکرمہ پہنچ گئے جبکہ بعض حجاج ایسے بھی تھے جنہوں نے عید الاضحی کی نماز حرم مکی شریف میں ادا کی۔ 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 

شیئر: