لاہور قلندرز کی کشمیر سے دریافت، عاقب جاوید بھی متاثر
کراچی: لاہور قلندرز نے اپنے رائزنگ اسٹار پروگرام کے پہلے مرحلے میں آزاد کشمیر سے 16 کھلاڑی منتخب کر لئے۔ ان ٹرائلز کیلئے آزاد کشمیر کے 2شہروں مظفر آباد اور میر پور میں کیمپ لگائے گئے جس میں 15ہزار اور 19ہزار نوجوانوں نے شرکت کی۔ ان ہی کھلاڑیوں سلمان ارشاد بھی شامل ہیں جنہوں نے 144 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے بولنگ کرواکر سب کو متاثر کیا۔سلمان کا تعلق راولاکوٹ سے ہے جن کے بارے میں لاہور قلندرز کے ڈائریکٹر اور سابق فاسٹ بولر عاقب جاوید نے امید کا اظہار کیا ہے کہ مزید ٹریننگ کے بعد ان کی صلاحیتیں نکھر کر سامنے آئیں گی۔ ان کی بولنگ کی رفتار مزید بڑھے گی اور سلمان مستقبل میں ایک اچھا بولر بن کر نکلے گا۔عاقب جاوید کا کہنا تھا کہ سلمان ارشاد کا بولنگ ایکشن وقار یونس اور لستھ ملنگا جیسا ہے اور ایسا ایکشن ریورس سوئنگ کےلئے سازگار ہوتا ہے۔سلمان ارشاد نے لاہور قلندرز کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ پی ایس ایل کھیلنے کے خواہشمند ہیں اور آزاد کشمیر اور پاکستان کا نام روشن کرنا چاہتے ہیں۔