ڈوپنگ ٹیسٹ کے بعد خود اپنی نظروں میں گر گئی تھی، شاراپووا
نیویارک:روسی ٹینس کی اسٹار کھلاڑی ماریا شارا پووا نے آخر کار ڈوپنگ تنازع پر اپنی خاموشی توڑ دی اور اعتراف کیا کہ میں اپنی نظروں میں خود گر گئی تھی۔ میں چاہتی ہو ںکہ مجھے بھی عام کھلاڑیوں کی طرح سمجھا جائے۔یوایس اوپن کے دوران یہاں انہوں نے کہا کہ اپنی حریف سرینا ولیمز سے مقابلہ کرتے ہوئے میں خود کو چھوٹی بچی محسوس کرتی ہوں۔ واضح رہے کہ شاراپووا کا کیرئیر پچھلے سال مارچ میں درہم برہم ہوا تھا جب ان کا ڈوپنگ ٹیسٹ مثبت ثابت ہوا تھا۔ اپنے اسی اسکینڈل پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں اگرچہ قدآور اور طاقتور خاتون ہوں لیکن مجھے خود شرمندگی ہوئی۔ اتنے عرصے تک لوگ مجھ سے میرے بارے میں سوالات کرتے رہے۔ معطلی کے پہلے 4سے 5مہینے کے دوران میرے لئے کچھ کہنا مشکل تھا۔ واضح رہے کہ شاراپووا کو اس وقت 2سال کیلئے معطل کر دیا گیا تھا تاہم جب ٹینس عہدیداروں نے اس بات کا احساس کر لیا کہ اس نے ممنوعہ دوا استعمال کرنے کو نہیں چھپایا ہے تو 9ماہ بعد ہی معطلی ختم کر دی تھی۔ شاراپووا کا کہنا تھا کہ اس سانحے نے مجھے زندہ رہنا سکھایا ہے۔