تلنگانہ:--مکان میں گیس دھماکہ2بھائی ہلاک
حیدرآباد۔۔۔۔۔۔۔یادادری بھونگیر ضلع کے رائے گری میں ایک مکان میں گیس سلنڈر کے پھٹ پڑنے کے نتیجہ میں 2بھائی ہلاک اور ان کی ماں شدید طور پرجھلس گئی ۔یہ واقعہ کل صبح پیش آیا۔مرنے والوںکی شناخت وینکٹ ریڈی اور پربھاکر ریڈی کے طورپر کی گئی ہے۔ وہ اسوقت گھر میں سور ہے تھے ۔انکی ماں نے پکوان کیلئے تیلی جلائی جس کے ساتھ ہی گیس سلنڈر پھٹ گیا۔گیس کے اخراج کے سبب یہ واقعہ پیش آیا۔اس واقعہ کی آواز سے گاؤں دہل گیا ۔دونوں بھائیوںکی ماں کی شناخت بالماںکے طور پر کی گئی ہے ۔ انہیں علاج کیلئے فوری طورپر گاندھی اسپتال منتقل کردیا گیاجہاں حالت تشویشاک بتائی جاتی ہے۔ڈی سی پی یادگری اپنی ٹیم کے ساتھ مقام واقعہ پرپہنچے اور جانچ کا آغاز کردیا۔اس واقعہ میں مکان کو شدید نقصان پہنچا ۔دھماکہ اتنی شدت کا تھا کہ 4 کمرے منہدم ہوگئے ۔اس واقعہ کے ساتھ ہی پڑوسی خوفزدہ ہوکر اپنے مکانا ت سے نکل آئے ۔فائر بریگیڈ نے وہاں پہنچ کر کافی جدوجہد کے بعد آگ پرقابو پایا۔دھماکہ کی آواز سن کر دیہاتیوں نے سمجھا کہ یہ ایک بم دھماکہ ہے کیونکہ دھماکہ کی آواز کافی دور تک سنائی دی۔دھماکہ کے نتیجہ میں مکان کی دیوار کا ملبہ پڑوسیوں کے گھروں پر جاگرا جس کے سبب پڑوسیوں کے مکانات کو بھی نقصان پہنچا۔تحصیل دار نے لاشوںکا پنچ نامہ کرکے پوسٹ مارٹم کیلئے بھیج دیا۔پولیس نے اس واقعہ پر شبہات کا اظہار کیا ہے۔ پولیس نے اس معاملہ کی جانچ شروع کردی ہے ۔دوسری طرف مقامی افراد نے شبہ ظاہر کیاکہ مکان میں جلیٹن اسٹکس تھے جس کے سبب یہ واقعہ پیش آیا۔