عید پردو بڑی 'لالی وڈ ' فلمیں چھاگئیں
شائستہ جلیل ۔ پاکستان
عیدالاضحی کے موقع پر لالی ووڈ کی دو بڑی فلمیں سینما گھروں کی زینت بنیں۔ ہمایوں سعید کی فلم ”پنجاب نہیں جاوں گی“ اور دوسری اداکار فہد مصطفی کی' نامعلوم افراد ٹو' پاکستان بھر کے سینما گھروں پر چھاگئیں۔ عید کے موقع پرفلم بینوں کی بڑی تعداد پاکستانی فلمیں دیکھنے کیلئے سینما پہنچی۔ یوں تودونوں فلموں کو خوب پذیرائی حاصل ہورہی ہے تاہم میڈیا رپورٹس کے مطابق 'پنجاب نہیں جاوں گی' کو سب سے زیادہ پسند کیاجارہاہے۔ اداکار اور فلمساز ہمایوں سعید اور اداکارہ مہوش حیات کی فلمی جوڑی فلم بینوں میں خوب مقبول ہورہی ہے۔ فلم کی ریلیز سے قبل اس کے تمام گیت ہٹ رہے۔ یوں ہمایوں سعید ،مہوش حیات اور عروا حسین کی ” لَو ٹرائی اینگل اسٹوری“ ہٹ ثابت ہورہی ہے۔ فلم کی کاسٹ نے فلم کی تشہیری مہم میں بھی خاصا بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ فلم کی ٹیم پاکستان کے بڑے شہروں میں گئی جبکہ سوشل میڈیا کے ذریعے بھی تینوں اداکاروں نے اپنے مداحوں کو خوب انٹرٹین کئے رکھا ۔بالی وڈ کے معروف فلمساز مہیش بھٹ نے بھی ہمایوں سعید کی اس نئی فلم کو ریلیز سے قبل ہی ایک 'ونر فلم' قراردیا تھا جسکا ہمایوں نے شکریہ بھی ادا کیاتھا۔ 'پنجاب نہیں جاوں گی' اب تک بہترین بزنس کرنےوالی فلم ثابت ہورہی ہے۔
اداکار ہمایوں سعید نے اپنی اس فلم سے بڑی امیدیں وابستہ کر رکھی ہیں۔ حال ہی میں سوشل میڈیا اکاونٹ پر ہمایوں سعید نے فلم کی زبردست پذیرائی ملنے پر اپنے مداحوں کا بھرپور شکریہ اداکیا۔ انہوں نے کہا کہ نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر میں لالی وڈ فلموں کے شائقین کی جانب سے فلم کو کافی پسند کیا جا رہاہے۔ فلم کو سینما پر ایک زبردست تاثر مل رہاہے سب جگہ فلم 'ہاوس فل' ہے۔ مجھے خوشی ہے کہ'پنجاب نہیں جاوں گی ' فلم بینوں کی توقعات پر پورا اتری ہے ۔
دوسری فلم اداکار فہد مصطفی کی ماضی کی فلم نامعلوم افراد کا سیکوئل ہے جو لالی وڈ کی ایک ہٹ فلم تھی ۔موجودہ فلم میں تینوں اداکار اسی طرز کی اداکاری کرتے دکھائی دیئے جیسی پچھلی فلم میں تھی۔اس میں جاوید شیخ، محسن عباس، ہانیہ عامر اور عروا حسین نے اپنی اداکاری کے جلوے بکھیرے ہیں۔ اس سیکوئل فلم میں معروف ماڈل صدف کنول نے 'کیف و سرور' نامی آئٹم سانگ بھی پیش کیاہے فلم سینما بینوں میں خوب مقبول ہورہی ہے مگر اسکی مقبولیت ہمایوں کی فلم ' پنجاب نہیں جاوں گی'سے کم ہے تاہم یہ دونوں فلمیں باکس آفس پر کتنے کا بزنس کرپائی ہیں؟ اسکا نتیجہ آنا ابھی باقی ہے۔
فلمی تجزیہ کاروں کے مطابق لالی وڈ کی جانب فلم بینوںکی کشش یہ ظاہر کررہی ہے کہ یہ دو بڑی فلمیں فلم انڈسٹری کی بحالی میں ایک خوشگوار تاثر قائم کریں گی ۔ اس حوالے سے یہ دونوں فلمیں کافی اہمیت کی حامل ہیں۔