ہند کی ٹی20میں بھی شاندار کامیابی، دورہ سری لنکا کیلئے ڈراونا خواب بن گیا
کولمبو: ویرات کوہلی کی ایک اور شاندار اننگز کی بدولت ہند نے ٹیسٹ اور ون ڈے سیریز کے بعد سری لنکا کو واحد ٹی20 میچ میں یکطرفہ طور پر 7 وکٹوں سے شکست دے کر 9 فتوحات کے ساتھ دورہ سری لنکا کا شاندار اختتام کیا۔کولمبو میں کھیلے گئے سیریز کے واحد ٹی20 میچ میں ہند نے ٹاس جیت کر پہلے سی لنکا کودعوت دی جس کا فائدہ سری لنکن ٹیم نہ اٹھا سکی۔سری لنکا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 7 وکٹوں پر 170 رنز بنائے، دلشان مناویرا 53 اور آشان پریانجن 40 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ہند کی جانب سے اسپنرز نے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے سری لنکن ٹیم کو درمیانی اوورز میں تیزی سے رنز بنانے کا موقع نہ دیا اور یزویندر چاہل نے 3، کلدیپ یادو نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔ ہدف کے تعاقب میں ہندوستانی اوپنرز لوکیش راہل اور روہت شرما جلد ہی پویلین لوٹ گئے جس سے سری لنکا کی میچ میں فتح کے کچھ امکانات روشن ہوئے لیکن ویرات کوہلی نے ایک اور شاندار اننگزکھیل کر نتیجہ اپنے حق میں موڑ لیا۔کپتان ویرات کوہلی نے 82 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کی فتح میں مرکزی کردار ادا کیا جس کی بدولت ہندوستان نے آخری اوور میں 3 وکٹوں کے نقصان پر ہدف حاصل کرلیا، منیش پانڈے نے ناقابل شکست 51 رنزبنائے۔اس جیت کے ساتھ ہی ہند نے ٹیسٹ اور ون ڈے سیریز کے ساتھ ساتھ ٹی20 میں بھی کلین سوئپ مکمل کر لیا اور اس دورے کا 9-0 سے اختتام کرکے اسے سری لنکا کے لئے ایک ڈراونا خواب بنا دیا۔