کراچی ...سندھ ہائیکورٹ نے آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ کو عہدے پر برقرار رکھنے کاحکم دے دیا۔ 7جولائی 2017 کے بعدسے پولیس افسران کے تبادلے وتقرریاں بھی کالعدم قرار دے دی گئیں۔عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ آئی جی سندھ کے تقرر کی مدت 3 سال ہے۔ پولیس کی کمانڈ آئی جی سندھ کے پاس ہے۔کوئی افسر آئی جی کے سواکسی کاحکم مانے تو آئی جی کارروائی کرسکتاہے۔ واضح رہے کہ عدالت نے دلائل سننے کے بعد فیصلہ 30 مئی کومحفوظ کیا ۔ دریں اثناءسندھ حکومت نے فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج کرنے کا اعلان کیا ہے۔ ایڈوکیٹ جنرل سندھ نے کہا کہ فیصلے میں خامیاں ہیں، سپریم کورٹ میں اپیل دائرکریں گے۔ آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ نے سندھ ہائیکورٹ کے فیصلے کو گڈ گورننس اور پولیس کے ادارے کی فتح قرار دیا ہے۔انہوںنے کہا کہ اپنے ان دوستوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں جو مشکل وقت میں میرے ساتھ رہے۔