Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بجلی کی پیداوار20 ہزار میگا واٹ ہوگئی،عابدشیر

اسلام آباد...وزیرمملکت برائے توانائی ڈویژن عابد شیر علی نے کہاہے کہ موجودہ حکومت بجلی کا شارٹ فال صفر پر لے آئی ۔ نومبر میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کا باضابطہ اعلان کر دیں گے۔ جمعرات کو میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ اپوزیشن لیڈر کے بیان پر ہنسی آرہی ہے کہ ہمارے دور میں بجلی سستی تھی۔ ان کے دور میں تو بجلی تھی ہی نہیں سستی کیا ہوتی۔ پیپلزپارٹی کے دور میں ہی بجلی کا بیڑہ غرق ہوا تھا۔انہوںنے کہا کہ 20 ہزار میگا واٹ بجلی پیدا کرچکے ۔ گزشتہ روز بجلی کی پیداوار 20 ہزار میگا واٹ تک پہنچ گئی تھی جو طلب سے ایک ہزار 779 میگاواٹ زیادہ تھی ۔آئندہ 3 سے 4 ماہ میں 4 ہزار میگا واٹ بجلی سسٹم میں شامل ہوجائے گی۔ تہیہ کررکھا ہے کہ لوڈشیڈنگ کے جن کو بوتل میں بند کرنا ہے۔انہوںنے کہاکہ تمام علاقوں میں یکساں بجلی تقسیم کی جائےگی تاہم چوری کرنے والے علاقوں میں لوڈ شیڈنگ بدستور جاری رہے گی ۔ انہوں نے کہاکہ صوبائی حکومتیں وفاق کے ساتھ تعاون نہیں کررہیں ۔ اگرمعاملہ ایسا ہی رہا تو بجلی چوری کے مسائل رہیں گے۔ انہوںنے کہاکہ چند دنوں میں لوڈشیڈنگ کے حوالے سے منتخب نمائندوں کے ساتھ مل کر کراچی میں لوڈشیڈنگ کا مسئلہ بھی حل کردیں گے۔

 

شیئر: