نرملا سیتا رمن نے وزارت دفاع کا چارج سنبھالا
نئی دہلی۔۔۔۔۔نرملا سیتا رمن نے آج وزارت دفاع میں ہندوستان کی دوسری وزیر دفاع کے طور پر اپنے عہدے کا چارج سنبھالا۔ اس کے ساتھ ہی وہ ملک کی پہلی کُل وقتی خاتون وزیر دفاع ہوگئی ہیں۔ اگر چہ ان سے پہلے وزیر اعظم اندرا گاندھی بھی وزیر دفاع رہ چکی ہیں لیکن انہوں نے وزیر دفاع کا اضافی چارج سنبھا لا تھا۔ سیتا رمن نے ساؤتھ بلاک پہنچ کر وزارت دفاع کا باقاعدہ چارج سنبھالا۔ سابق وزیر دفاع ارون جیٹلی بھی اس موقع پر موجود تھے۔ مودی کابینہ کی توسیع میں وزارت دفاع کی ذمہ داری سیتا رمن کو سونپی گئی تھی۔ اس سے قبل وہ صنعت و تجارت کی وزیر تھیں۔ انہیں ارون جیٹلی کی جگہ یہ عہدہ سونپا گیا جو وزارت خزانہ کے ساتھ وزارت دفاع کا اضافی چارج سنبھالے ہوئے تھے۔