انجانے مسافروں کا سامان اپنے پاس نہ رکھیں، محکمہ کسٹمز
ریاض..... محکمہ کسٹمز نے تمام مسافروں کو ہدایت کی ہے کہ دوران سفر انجانے مسافروں کا سامان اپنے پاس نہ رکھیں۔ مملکت آمد یا روانگی کے وقت اپنے ساتھ رکھنے والی نقدی کے بارے میں کسٹم حکام کو مطلع کریں۔ طے شدہ نقدی سے زیادہ ساتھ لیجانا یا لے آنا ضوابط کی خلاف ورزی ہے جس پر رقم ضبط ہو گی اور مسافر کے خلاف تادیبی کارروائی کی جائیگی۔ محکمہ کسٹمز کی طرف سے جاری ہونیوالے اعلامیہ میں تمام مسافروں کو آگاہ کیا گیا کہ دوران سفر دوسرے مسافروں کا سامان یاانجانے لوگوں سے لفافے یا کسی قسم کا سامان نہ اٹھایا جائے۔ قانون کی نظر میں جس مسافر کے پاس ممنوعہ اشیاءبرآمد ہوں گی وہ اس کی ملکیت گردانی جائیں گی۔ امیگریشن کے دوران اپنے سامان کا خیال رکھیں اور ائیرپورٹ لاﺅنج میں انتظا رکے وقت اپنے سامان سے غافل نہ ہوں۔ محکمہ کسٹمز نے کہا کہ سعودی عرب آنے والے یا مملکت سے بیرون ملک جانیوالوں کو چاہئے کہ اگر ان کے پاس 60ہزار ریال سے زیادہ نقد یا قیمتی اشیاءہوں تو کاﺅنٹر پر پہنچنے سے پہلے اس حوالے سے موجود فارم پر کرلیں۔