نئی دہلی .... خواتین کیساتھ اب مرد بھی فیشن زدہ ہوتے جارہے ہیں اور انہیں دیکھتے ہوئے مختلف کمپنیاں انکے پہناوے پر خصوصی توجہ دینے لگی ہیں اور خاص طور پر انکے لئے بہترین لباس تیار کرکے مارکیٹ میں پہنچا رہی ہیں۔ دہلی میں ایک کمپنی کے مالک سنجے گورا نے خاص طور پر مردوں کیلئے اچھے لباس تیار کرنے کی کمپنی قائم کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ فیشن ایبل لباس اب مردوں کی اولین ترجیح بنتا جارہا ہے۔ مرد خاص طور پر اپنی ٹپ ٹاپ پر توجہ دیتے ہیں اور وہ نہ صرف اچھا لباس پہنتے ہیں بلکہ خواتین کی طرح اپنے چہرے پر بھی توجہ دینے لگے ہیں۔مردو ں کے لباس میں جو تبدیلیاں آئی ہیں اس حوالے سے انکا کہناتھا کہ پچھلے 5سال میں مردوں کے لباس میں انقلابی تبدیلیاں دیکھنے میں آئی ہیں۔ اچھے کپڑوں کی خواہش بڑھی ہے اور یوں کپڑے تیار کرنے والی صنعتوں نے اس میں حصہ لیا ہے۔ فیشن کے بارے میں توجہ نہ دینے کا رویہ ماضی کی بات بنتا جارہا ہے۔ اس سلسلے میں مختلف ڈیزائنرز میدان میں آچکے ہیں جو نئی طرح کے لباس تیار کرنے کیلئے کوشاں ہیں۔