Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایران کےساتھ دوستی کسی کو موافق نہیں آئی، قطر جلد شرمندہ ہوگا، مملکت

قاہرہ..... عرب لیگ میں متعین سعودی سفیر احمد قطان نے خبردار کیا ہے کہ ایران کے ساتھ کبھی کسی بھی ملک کو دوستی کا رشتہ موافق نہیں آیا قطر بھی جلد شرمندہ ہو گا۔ وہ منگل کو عرب لیگ کے صدر دفتر میں عرب وزرائے خارجہ کے 148ویں سیشن کے موقع پر خطاب کر رہے تھے۔ سعودی سفیر نے ایران کو شریف ریاست کہنے پر قطری سفیر کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ بخدا قطر کے نمائندے کا یہ کہنا کہ ایران شریف ملک ہے مضحکہ خیز بات ہے۔ ایران خلیجی ممالک کے خلاف سازشیں کر رہا ہے۔ کویت اور بحرین سمیت متعدد ملکوں میں جاسوسی کے نیٹ ورک قائم کئے ہوئے ہے۔ طہران میں سعودی سفارتخانہ اور مشہد میں قونصل خانہ نذر آتش کر چکا ہے۔ متعدد ممالک کے سفارتخانوں میں آگ لگا چکا ہے۔ ایسا ملک شریف کیسے ہوسکتا ہے۔ قطر کا ایران کو شریف ریاست کہنا اس کی ناسمجھی ہے۔ قطر کے نمائندے نے کہا تھا کہ ان کا ملک ایران کے ساتھ ہمدردانہ رویہ سعودی عرب کی خاطر اپنائے ہوئے ہے۔ سعودی سفیر نے کہا کہ ہمیں ایسی کوئی ہمدردی نہیں چاہئے۔ اللہ کے کرم سے ہم مملکت کو زک پہنچانے والوں سے نمٹنا جانتے ہیں۔ قطر کو ایران کی قربت مبارک ہو۔ جلد خمیازہ بھگتے گا۔ اس موقع پر قطر اور سعودی عرب کے نمائندوں میں تیز و تند جملوں کا تبادلہ ہوا۔ قطان نے کہا کہ حج موسم کی کامیابی حج شعائر کو سیاسی رنگ دینے کی کوششیں کرنے والوں کا عملی جواب ہے۔ سعودی عرب ماضی میں بھی فلسطین کے مسئلے کو حل کرانے کیلئے کوشاں رہا ہے۔ آئندہ بھی اس کی تائید و حمایت رکھے گا ۔ 

شیئر: