چیمپیئنزلیگ:پیرس سینٹ جرمین نے سیلٹک کو0-5سے ہرا دیا
جمعرات 14 ستمبر 2017 3:00
گلاسگو:چیمپیئنز لیگ فٹبال ٹورنامنٹ کے دوران فرانسیسی کلب پیرس سینٹ جرمین نے انگلش کلب سیلٹک کو0-5شکست دے دی تاہم میچ کے دوران سیلٹک کے حامی تماشائی کی جانب سے پی ایس جی کے کھلاڑی پر حملے کی کوشش اور نیمار کے ساتھ سیلٹک کے کھلاڑی کی بدمزگی کی وجہ سے میچ کا مزہ کرکرا ہو گیا۔ یہ میچ گلاسگو کے علاقے پارک ہیڈ کے اسٹیڈیم میں کھیلا گیا ۔ نیمار اور کیلیان مباپے جیسے مہنگے ترین کھلاڑیوں کی پی ایس جی کو پہلے ہی میچ کے لئے فیورٹ قرار دیا جاچکا تھا اور عام تاثر یہ تھا کہ فرانسیسی کلب کم از کم 7گولز کی برتری سے جیتے گا تاہم اس کی برتری5گول تک محدود رہی ۔ ان میں سے بھی ایک گول سیلٹک کے کھلاڑی نے خود اپنے خلاف اسکور کیا ۔پیرس سینٹ جرمین کی جانب سے نیمار نے پہلا گول کرکے ٹیم کا کھاتہ کھولا۔15منٹ بعد کیلیان نے برتری دگنی کردی۔پہلا ہاف ختم ہو نے سے پہلے کیوانی نے پنالٹی کک پر تیسرا گول کردیا ۔سیلٹک کی ٹیم نے خسارے میں کمی کی ہر ممکن کوشش کی لیکن اسے کوئی کامیابی نہ ہوئی ۔پہلے ہاف کے دوران اس وقت صورتحال پریشان کن ہو گئی جب سیلٹک ٹیم کے ایک حامی نے گراﺅنڈ میں داخل ہوکر پیرس سینٹ جرمین کے سیاہ فام کھلاڑی اور دوسرا گول کرنے والے کیلیان کو لات مارنے کی کوشش کی۔ کیلیان نے خود کو اس حملے سے بچالیا اور اس نوجوان تماشائی کو سیکیورٹی اہلکار پکڑ کر لے گئے اور اسٹیڈیم سے نکال دیا۔دوسرے ہاف میں پی ایس جی کی جانب سے مزید 2 گول نے اسکور5-0کر دیا۔ 84ویں منٹ نے سیلٹک کے لسٹگ نے خود اپنے خلاف گول کیا جبکہ اس کے2منٹ بعد کیوانی نے اپنا دوسرا اورٹیم کو پانچواں گول اسکور کر دیا۔میچ کے دوران پیرس سینٹ جرمین کے نیمار جونیئر اور سیلٹک کے رالسٹن کے درمیان بھی کشیدگی کا ماحول رہا جس کی ابتدا رالسٹن کی جانب سے پہلے نیمار کو چڑانے اور پھر دھکا دے کر گرانے سے ہوئی۔ ہوم گراﺅنڈ ہو نے کی وجہ سے سیلٹک انتظامیہ کے لئے یہ صورتحال خفت کا باعث بنی رہی۔