ممبئی:موسلادھار بارش سے پروازیں منسوخ، دہلی ایئرپورٹ پر مسافروں کا ہنگامہ
ممبئی۔۔۔۔ممبئی میں وقفے وقفے سے ہونیوالی موسلادھار بارش نے ممبئی کی رفتار دھیمی کردی۔سڑکوں پر جگہ جگہ پانی جمع ہونے سے ٹریفک نظام معطل ہوگیا۔ریلوے پٹریاں پانی میں ڈوب گئیں جس سے ٹرینوں کی آمد ورفت میں دشواری پیدا ہوگئی ہے۔ممبئی کی لوکل ٹرینیں تاخیر سے چلنا شروع ہوئیں۔ موسم کی خرابی اور موسلا دھار بارش کی وجہ سے34پروازیں منسوخ جبکہ 14تاخیر سے روانہ کی گئیں۔ممبئی کے اندھیری میں سڑکیں جھیل کا منظر پیش کررہی ہیں۔ سانتا کروز، کرلا، گھاٹ کوپر جیسے علاقے سب سے زیادہ متاثر ہوئے۔ سڑکیں پانی سے لبریز ہوگئیں جس سے آنے جانے میں لوگوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ بارش اورٹریفک اژدحام سے ڈبے والے آج کھانا سپلائی نہیں کرینگے۔محکمہ موسمیات نے ممبئی سمیت مہاراشٹر کے دیگرعلاقوں میں آئندہ 2دنوں تک موسلادھار بارش کی پیشگوئی کی ہے۔اس کے تحت ممبئی انتظامیہ نے آ ج اسکول اور کالج بند رکھنے کی ہدایت جاری کی ہے۔بارش کے باعث پروازوں کی منسوخی سے دہلی ایئرپورٹ پر 400مسافر پھنس کر رہ گئے ہیں۔ان مسافروں نے دہلی ایئرپورٹ پر ہنگامہ برپا کردیا ۔