لیڈز .... یہاں رہنے والی ایک خاتون سال رواں کے شرو ع میں ایک عجیب و غریب حادثے سے اس وقت دوچار ہوئی جب کسی گوشت خور کیڑے نے اس کے منہ پر کاٹ لیا۔ کیڑے کے کاٹنے سے پورے بدن میں جلن کی کیفیت پیدا ہوگئی۔ بے چینی کی حالت میں وہ اسپتال پہنچی تو اسکی حالت دگرگوں ہوچکی تھی اور وہ کسی بھی لمحے مر سکتی تھی۔ چنانچہ ڈاکٹروں نے اسکی زندگی بچانے کی غرض سے اسکی آنکھ کے اوپر ایک کٹ لگایا مگر یہی کٹ اسکے لئے عذاب بن گیا۔ تفصیلات کے مطابق ڈونا کاڈن نامی خاتون کے چہرے کا وہ حصہ جہاں کیڑے نے کاٹا تھا پہلے تو سیاہ ہوگیا اور پھر اسکے بعد اس جانب گوشت گلنا شروع ہوگیا۔ سرجنوں نے گال کے متاثرہ حصے کو آپریشن کرکے الگ کردیا اور ٹانکے لگادیئے جسکی وجہ سے وہ زندہ تو رہ گئی مگر چہرہ بالکل مسخ ہوکر رہ گیا۔ ڈونا تین بچوں کی ماں ہے اور 46سال کی عمر میں اپنے ساتھ پیش آنے والے اس سانحہ سے بالکل حواس باختہ ہوچکی ہے۔ ڈاکٹروں نے اسکی بیماری کو نیکرونائزنگ فیسیٹس کا نام دیا ہے اور کہا ہے کہ اس بیماری میں بچنے کے امکانات نہ ہونے کے برابر ہوتے ہیں۔