Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کوئی بھی طاقت پاک سعودی دوستی ختم نہیں کرسکتی، نائب سفیر حبیب بخاری

حج کے دوران سعودی حکومت اور حکام نے تعاون کیا، نئے سفیر کو خوش آمدید کہتے ہیں، سردار یوسف
اسلا م آباد(ذکاءاللہ محسن) پاکستان کے سیاستدانوں اور مذہبی رہنماﺅں نے واضح کیا ہے کہ سعودی عرب اور پاکستان کو دنیا کی کوئی طاقت جدا نہیں کرسکتی۔ ان خیالات کا اظہار تحریک دفاع حرمین شریفین کے زیر اہتمام نئے سعودی سفیر کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیاگیا۔ نائب سعودی سفیر حبیب اللہ بخاری، ڈپٹی چیئرمین سینیٹ عبدالغفور حیدری، تحریک مذکورہ کے سیکریٹری جنرل فضل الرحمن خلیل، وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف، وزیر مملکت برائے مذہبی امور پیر امین الحسنات ، مشائخ و علماءکانفرنس کے سربراہ پیر سلطان ، فیاض الحسن قادری ،سینیٹرپروفیسرساجدمیر،رابطہ عالم اسلامی کے سیکریٹری جنرل عبدہ محمدعتین ،ممبرصوبائی اسمبلی مولانا مسرورنوازجھنگوی ، جمعیت علماء پاکستان کے سیکریٹری جنرل علامہ شاہ اویس نورانی ،سابق وزیرمحمدعلی درانی ،عبداللہ گل، زمردخان ،ڈاکٹرجمال ناصر،نواب آف کالاباغ ملک عبدالوحید، وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے ڈپٹی سیکریٹری جنرل مولاناقاضی عبدالرشیدودیگر خطاب کرنے والوں میں شامل تھے۔ مملکت کے نائب سفیرحبیب اللہ بخاری نے کہاکہ پاکستان اورسعودی عرب یک جان دوقالب ہیں کوئی طاقت یہ دوستی ختم نہیں کرسکتی۔ سعودی عرب پہلے کی طرح پاکستان کے ساتھ کھڑاہے۔ دونوں ممالک کے تعلقات کومزیدمضبوط بنائیں گے۔ وزیر مذہبی امور سردار یوسف نے کہاکہ سعودی عرب کے نئے سفیر نواف سعید المالکی کو خوش آمدید کہتے ہیں۔ تمام پاکستانی سعودی عرب سے دلی عقیدت رکھتے ہیں ، حج کے دوران سعودی حکومت کے انتظامات قابل تعریف ہیں۔حج کے بہتر انتظامات میں سعودی حکومت اور حکام نے زبردست تعاون کیا ۔ سعودی عرب پر برما کے حوالے سے سب کی نظر ہے، برما کے مسلمانوں کی مدد سب کو کرنی چاہیے۔ مولانافضل الرحمن خلیل نے کہاکہ سعودی عرب کے نئے سفیرنواف سعیدمالکی تجربہ کارشخصیت کے مالک ہیں ان کی تعیناتی سے دونوں ممالک کے تعلقات مزیدمضبوط ہوں گے۔ سعودی عرب نے ہرسال کی طرح امسال بھی حج کے شاندارانتظامات کیے تھے اورسعودی عرب کے ان انتظامات پرہم انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ شاہ سلمان بن عبدالعزیزاورولی عہد شہزادہ محمدبن سلمان حرمین شریفین اورحاجیوں کی بھرپوراندازمیں خدمت کررہے ہیں ۔ مولاناعبدالغفورحیدری نے کہاکہ سعودی عرب اورپاکستان عالم اسلام کی قیادت کررہے ہیں۔ حرمین کے تحفظ کے لیے ہم اپناسب کچھ قربان کردیں گے۔

شیئر: