رہائش اور ٹرانسپورٹ کے انتظامات ناقص، شوریٰ
ریاض....مجلس شوریٰ کے ماتحت حج و رہائشی کمیٹی نے وزارت حج و عمرہ پر کڑی نکتہ چینی کی ہے۔باخبر ذرائع نے عاجل ویب سائٹ کو یہ اطلاع دیتے ہوئے واضح کیا کہ مذکورہ کمیٹی نے اس مسئلے کی حقیقت جاننے کیلئے اسکالرز کی خدمات حاصل کرنے پر زور دیتے ہوئے بجٹ بھی طلب کیا ہے۔خادم حرمین شریفین حج ریسرچ انسٹیٹیوٹ سے استفادہ کیا جائیگا۔کمیٹی نے سفارش کی کہ مشاعر مقدسہ میں خیموں سے استفادے کے نئے طور طریقے اپنائے جائیں۔اسی کے ساتھ ساتھ اس امر کی بھی تاکید کی گئی ہے کہ شاہراہوں پر موجود استراحات اور پٹرول اسٹیشنوں کا معیار و کارکردگی بہتربنانے کی اشد ضرورت ہے۔کمیٹی کا کہناہے کہ مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں حرم شریف اور مسجد نبوی شریف کے اطراف علاقوں میں گاڑیاں او رپیدل چلنے والے ایک دوسرے کےلئے مسائل کا باعث بن رہے ہیں۔ ٹرانسپورٹ کا مکمل نیٹ ورک قائم کئے بغیر یہ مسئلہ حل نہیں ہوگا۔ بس شٹل سروس اور ٹرین شٹل سروس کا قیام ضروری ہے۔ علاوہ ازیں پیدل چلنے والوں کیلئے راستے مخصوص کئے جائیں تاکہ حاجی اورمعتمر اور دونوں مقدس شہروں کے باشندے ٹرانسپورٹ کے لئے مسائل پیدا کئے بغیر چین و سکون سے آجاسکیں۔