نئے کرکٹ قوانین کا اطلاق کل سے ہوگا
دبئی:انٹرنیشنل کرکٹ کونسل آئی سی سی کی جانب سے متعارف کرائے جانے والے نئے قوانین کا اطلاق جمعرات سے ہوگا۔ امپائرز کسی سنگین غلطی کی صورت میں کھلاڑی کو میچ اورمیدان سے باہر نکال سکیں گے۔ بیٹ کے سائز ، رن آوٹ سے متعلق قواعد اورامپائر کے فیصلے پر نظرثانی کے حوالے کی جانے تبدیلیاں بھی کل سے شروع ہو نے والی تمام سیریز اور میچوں پر لاگو ہوں گی۔انٹر نیشنل کرکٹ کونسل کے جنرل منیجر کرکٹ جیف ایلارڈس نے کہا کہ نئے قوانین کو سمجھنے اور ان کے درست استعمال کے بارے میں آئی سی سی کے زیر اہتمام امپائرز کےلئے ورکشاپ کا بھی اہتمام کیا گیا ہے۔نئے قوانین میں سب سے اہم میچ کے دورا ن کسی کھلاڑی کی طرف سے قواعد وضوابط کی سنگین خلاف ورزی پر امپائر کو اسے گراونڈ سے باہر نکالنے کا اختیار ہے۔ اس قانون کے تحت اگر کوئی کھلاڑی کسی ساتھی یا مخالف کھلاڑی ، امپائر اور تماشائی پر حملے کا مرتکب یا امپائر کو ڈرانے دھمکانے میں ملوث پایاگیا تو اسے میچ اور میدان سے باہر نکالا جا سکے گا۔کہا جا رہا ہے کہ یہ قانون بنیادی طور نچلی سطح کی کرکٹ میں نظم و ضبط یقینی بنانے کے لئے نافذ کیا جارہا ہے۔ کرکٹ کمیٹی کے مطابق ایسے واقعات انٹرنیشنل کرکٹ میں بھی رونما ہو سکتے ہیں اس لئے فٹبال اور بعض دیگر مقابلوں کی طرح کرکٹ میں بھی امپائرز کو یہ اختیار دیا جا رہا ہے۔ اسی طرح بیٹنگ اور بولنگ میں توازن کےلئے بیٹ کا سائز متعین کیا جارہا ہے کیونکہ حالیہ برسوں میں کھیل بیٹسمینوں کی برتری کی شکل اختیار کرتا جا رہا تھا اب آئی سی سی کے زیر اہتمام ہو نے والے تمام میچوں میں مخصوص سائز کے بیٹ ہی استعمال ہوں گے۔مئی میں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے سالانہ اجلاس کے دوران جن نئے قوانین کی منظوری دی گئی تھی ان میں رن آوٹ کے موجودہ قواعد میں تبدیلی شامل ہے۔ ڈی آر ایس پر بھی نظرثانی کی گئی ہے اب اسے ٹی ٹوئنٹی میچوں میں بھی استعمال کیا جائے گا۔میچ کے دوران اب بیٹسمین، وکٹ کیپر یا فیلڈر کے ہیلمٹ سے لگ کر اچھلنے والی گیند پر پکڑا جانے والا درست تصور ہو گا بلکہ ایسی صورتحال میں اسٹمپڈاور رن آوٹ بھی قانونی قرار پائے گا۔آئی سی سی کے مطابق کل سے لاگو ہو نے والے یہ قواعد اور قوانین پہلے سے جاری ہند آسٹریلیا اور انگلینڈ، ویسٹ انڈیز سیریز پر لاگو نہیں ہوں گے تاہم پاکستان اور سری لنکا کے درمیان سیریز پر اس کا اطلاق ہوگا ۔ یہ سیریز بھی کل سے شروع ہو رہی ہے۔