شہزادہ محمد بن سلمان کا وعدہ پورا ہوگیا
ریاض.... امریکی ٹی وی چینل سی این این نے خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعریز کی جانب سے خواتین کو ڈرائیونگ کی اجازت دینے کے فیصلے کے موقع پر ڈیڑھ برس قبل ولی عہد نائب وزیراعظم و وزیر دفاع شہزادہ محمد بن سلمان کا وہ بیان اپنے ناظرین کو دکھایا جس میں ان سے پوچھا گیا تھا کہ کیا سعودی عرب خواتین کو ڈرائیونگ کی اجازت دیگا ۔ اس پر انہوں نے کہا تھا کہ بلاشبہ خواتین کی جدوجہد بیحد اہم ہے۔ خواتین معاشرے کا نصف بہتر ہیں۔ انہیں مملکت میں موثر اور پیداواری ہونا ضروری ہے۔ خواتین کی ڈرائیونگ کا مسئلہ مذہبی نہیں سماجی ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ اس مسئلے کا تعلق صرف اور صرف سعودی معاشرے کی رغبت پر منحصر ہے۔ ہم اپنے معاشرے پر ایسی کوئی چیز نہیں تھوپ سکتے جسے سعودی عوام نہ چاہتے ہوں تاہم مستقبل میں تبدیلیاں آئیں گی اور ہماری آرزو ہمیشہ یہی ہوگی کہ تبدیلیاں آئیں اور مثبت آئیں۔