چہرے کو کیل مہاسوں سے محفوظ رکھیں
چہرہ آپ کی شخصیت کا عکاس ہے ۔ چہرے کی خوبصورتی موسمی اثرات اور ماحولیاتی آلودگی سے ماند پڑ جاتی ہے۔ داغ دھبے دانے اور کیل مہاسے چہرے کی جلد کو بدنما بنا دیتے ہیں۔ اکثر لوگ داغ دھبوں اور کیل مہاسوں سے نجات حاصل کرنے کے لئے بازار میں موجود مہنگی کریموں اور لوشن کا سہارا لیتے ہیں لیکن بہتر یہ ہی ہے کے پہلے گھریلو ٹوٹکوں کا استعمال کیا جائے تاکہ آپ کی جلد ہر طرح کے سائڈ افیکٹس سے محفوظ رہ سکے۔
دہی کا پیسٹ کیل مہاسے دور کرنے کا بہترین نسخہ ہے۔ایک چمچ بیسن میں ایک چمچ دہی ، چٹکی بھر ہلدی اور چند قطرے لیموں کا رس شامل کر کے پیسٹ بنا لیں اور ہفتے میں لازماً ایک بار چہرے پر لگائیں۔ پ15 منٹ بعد دھو لیں ،آپ کو بہت جلد نتائج نظر آئیں گے ۔
ایک چمچ ہرے دھنیے کے رس میں ایک چٹکی ہلدی اور دو قطرے زیتون کا تیل شامل کریں۔ چہرے کو دھو کرخشک کرنے کےبعد اس آمیزے کو دانوں پر لگائیں۔یہ عمل دو ہفتے تک دن میں ایک بار کریں ۔ ہرا دھنیا ہمیشہ تازہ استعمال کریں۔
انڈے میں سے زردی ہٹا کے صرف سفیدی کو اچھی طرح پھینٹ کے چہرے پر 15منٹ تک لگانے سے چہرے کے دانے چند دنوں میں ہی صاف ہو جاتے ہیں ۔
ملتانی مٹی کا پیسٹ بنا کے جلد پر لگانے سے دانوں اور کیل مہاسوں کا خاتمہ ہو جاتا ہے۔ یہ ماسک چکنی جلد والے افراد کے لئے نہایت موثر ثابت ہوتا ہے ۔
ایلو ویرا کا گودا چہرے پر لگائیں اور خشک ہونے پر منہ دھو لیں۔ایلو ویرا خشک جلد کو موائسچرائز کرتا ہے۔ اس کے استعمال سے جلد کی خشکی ختم ہو جاتی ہے اور دانے بھی کم ہو جاتے ہیں ۔