پاکستانی سفارتخانہ 21اکتوبر کو کنگ فہد کلچرل سنٹر میں ثقافتی پروگرام کرے گا
جمعرات 28 ستمبر 2017 3:00
ریاض ( ذکاء اللہ محسن ) بیرون ملک پاکستانی ثقافت کی ترویج کے لئے 21 اکتوبر 2017 کو کنگ فہد کلچر ل سنٹر ریاض میں استاد حامد علی خان اور ان کے فرزند نایاب علی خان اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے۔اس سلسلے میں سفارت خانہ پاکستان ریاض نے تمام انتظامات مکمل کرلئے ہیں جب کہ 2 اکتوبرسے باقاعدہ دعوت نامے جاری کردئیے جائیں گے۔ مذکورہ کلچر ل شو کے انعقاد و انتظامات کے سلسلے میں صحافیوں کو پریس بریفنگ کا اہتمام کیا گیا جس میں پروگرام کوآرڈینیٹر ، کمیونٹی ویلفیئر اتاشی سفارت خانہ پاکستان الریاض محمود لطیف، ہیڈ آف چانسری سیف اللہ خاں ، کمیونٹی ویلفیئر اتاشی عبدالشکور شیخ اورانچار ج قونصلر امور شاہد اقبال نے شرکت کی اور پٹیالہ گھرانے کے چشم و چراغ اور بین الاقوامی شہرت یافتہ کلاسیکل گلوکار استاد حامد علی خان شو کے انعقاد و انتظامات سے صحافیوں کو تفصیلی بر یفنگ دی۔اس موقع پرسفارت خانہ پاکستان الریاض کے ہیڈ آف چانسری سیف اللہ خان نے کہا کہ وہی قومیں زندہ اور پائندہ رہتی ہیں جو اپنی زبان ، تہذیب و تمدن اور ثقافت سے محبت رکھتی ہیں اور ہر فورم و مقام پر اپنی ثقافت کو اجاگر کرنے کی سعی میں لگی رہتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 70ویں یوم آزادی کی مناسبت سے سفیر پاکستان خان ھشام بن صدیق کی خصوصی ہدایات و دلچسپی سے تارکین وطن بھا ئیوں کو اپنی ثقافت اجاگر کرنے اور بیرون ملک اپنی کلاسیکل موسیقی سے لطف اندوز ہونے کے لئے مذکورہ کلچرل شو کا انعقاد کر رہے ہیں۔پروگرام کوآرڈینیٹر ، کمیونٹی ویلفیئر اتاشی سفارت خانہ پاکستان ریاض محمود لطیف نے کہا کہ یوم آزادی کی مناسبت سے سفارت خانہ نے بلیک سنیما پروڈکشن کے تعاون سے شو کا پروگرام بنایا ہے جس میں نہ صرف تارکین وطن اور ان کی فیمیلیز بلکہ ، مختلف ممالک کے سفیر اور ان کے نمائندے اور سعودی شہری کثیر تعداد میں شرکت کریں گے۔ انہوں نے شرکاء کو ہدایت کی کہ وہ ملک کے ایک باوقار شہری کے طور پر بچوں کو شو میں لانے ، کھانے پینے کی اشیاء ہال یا اس کے باہر پھینکنے ، موبائل فون کے بے جااستعمال اور شور وغل سے پر ہیز کریں اور پر وگرام میں کمیونٹی کی زیادہ سے زیادہ شرکت کو یقینی بنائیں۔اس موقع پر کمیونٹی ویلفیئر اتاشی عبد الشکور شیخ نے واضح کیا کہ اگر کمیونٹی کی طرف سے پذیرائی ملی تو مستقبل قریب میں یہ سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔اس موقع پر پروگرام کے بینرز اور لوگوں میں ڈسپلے کیا گیا ہے اور مزید معلومات کے لئے سفارت خانہ پاکستان میں ایک سنٹر کا قیام بھی عمل میں لایا گیا اور کہا گیا کہ خواہش مند حضرات دوران اوقات کار موبائل نمبر 0533783663 پر رابطہ قائم کرسکتے ہیں۔