Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

دولہا نے بچے کو بچانے کیلئے دریا میں چھلانگ لگادی

اونٹاریو، کینیڈا ..... کہتے ہیں کہ اگر انسان رحمدل اور حساس ہو تو اسے صرف اپنی تکلیف کا احساس نہیں ہوتا بلکہ دوسروں کے مسائل بھی اسے پریشان کرتے ہیں اور وہ دوسرے لوگوں کو ان مسائل سے نجات دلانے کیلئے کسی حد تک جاسکتا ہے۔ ایسا ہی کچھ یہاں ایک انتہائی رحمدل شخص نے کر دکھایا۔ تفصیلات کے مطابق بریٹانی کک جن کی شادی چند روز قبل ہوئی تھی اپنی دلہن کلیٹن کے ساتھ تصاویر اتروانے کیلئے انٹاریو سے گزرنے والے دریا کے اوپر بنے پل کی سیر کررہے تھے۔ جو پارک برج کے نام سے مشہور ہے۔ دونوں میاں بیوی یہ چاہتے تھے کہ اس خوبصورت پل پر وہ اپنی تصویر بنوا لیں کیونکہ اس کے بعد انہیں ہنی مون پر کسی اور ملک جانا تھا۔ ابھی یہ دونوں پل کی سیر سے فارغ بھی نہیں ہوئے تھے کہ بریٹانی کک نے نیچے سے گزرنے والے دریا کے کنارے ایک بچے کو زندگی اور موت کی کشمکش میں مبتلا دیکھا۔وہ اس وقت  شادی کے خوبصورت سوٹ میں  ملبوس تھے مگر ان کے پاس اتنا وقت نہیں تھا کہ وہ کوٹ وغیرہ اتارتے چنانچہ انہوں نے فوری طور پر دریا میں چھلانگ لگادی تاکہ بچے کی جان بچائی جاسکے۔ انکی دلہن یہ سب کچھ بیحد حیرانی سے دیکھتی رہی اور  پل سے گزرنے والے دیگر افراد کو بھی اپنی آنکھوں پر یقین نہیں آیا۔ وہ یہ سمجھنے سے قاصر تھے کہ ہوا کیا ہے۔ کچھ ہی دیر میں بریٹانی کک بچے کو پانی سے نکالنے میں کامیاب ہوگئے تھے اور بچے کی جان بچ گئی تھی۔ انہوں نے بچے کو نہ صرف پانی سے باہر نکالا بلکہ اسے ایک جگہ کھڑا کرکے اسکا بدن بھی صاف کیا اور تسلی بھی دی۔ یہ منظر دیکھ کر انکی دلہن بھی پل سے اتر آئی اور اتنی دیر میں دوسرے لوگ بھی جمع ہوگئے جو انکی ہمت اور فرض شناسی کی داد دیتے ہوئے تھک نہیں رہے تھے۔مقامی چینل نے اس واقعہ کی وڈیو بھی جاری کی ہے اور تصاویر بھی عام ہوگئی ہیں۔

شیئر: