چیمپئنز ٹرافی فائنل: سنچری نے زندگی بدل دی
اسلام آباد:پاکستانی ٹیم کے اوپننگ بیٹسمین فخر زمان نے کہا ہے کہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں ہند کے خلاف فائنل میں سنچری نے میری زندگی کو بدل دیا ہے، لوگوں نے عظیم کھلاڑیوں کی طرح مجھے احترام دینا شروع کر دیا ہے جو کہ میرے لئے باعث فخر لمحہ ہے۔ اپنے ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ میں نے اتنی جلدی بین الاقوامی سطح پر مقبولیت کے بارے کبھی نہیں سوچا تھا، چیمپئنز ٹرافی فائنل میں روایتی حریف کے خلاف بہت دباﺅ تھا کیونکہ ہر کوئی بلکہ میری اپنی فیملی بھی اس بارے بات کر رہی تھی تاہم مجھے اس بات کی خوشی ہے کہ میں ہند کے خلاف سنچری بنانے میں کامیاب ہوا اور اس پر اللہ تعالی کا شکر گزار ہوں، بلاشبہ ہند کے خلاف سنچری میرے کیریئر کی یادگار اننگز ہے جسے میں کبھی فراموش نہیں کروں گا۔انہوں نے کہا کہ ڈومیسٹک کی طرح میں انٹرنیشنل سطح پر بھی ہر میچ روایتی انداز سے کھیلتا ہوں اور یہی میری کامیابی کی وجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر میچ میں سیکھنے کی کوشش کر رہا ہوں، جب میں وکٹ پر ہوں گا تو کوشش کروں گا کہ مداحوں کو مایوس نہ کروں، مستقبل میں بھی عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے انٹرنیشنل سطح پر ملک و قوم کا نام روشن کرنا ہدف ہے اور مقصد کے حصول کیلئے میں سخت محنت کے تسلسل کو برقرار رکھوں گا۔