جدہ ..... خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے اتوار کو جدہ کے قصر السلام میں نیو طائف منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔ طائف کا نیا انٹرنیشنل ایئرپورٹ، عکاظ میلہ سٹی، ٹیکنالوجی ویلی ، رہائشی محلہ ، انڈسٹریل سٹی اور یونیورسٹی کیمپس شامل ہیں۔ گورنر مکہ مکرمہ کے مشیر ڈاکٹر سعد مارق نے شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے سامنے مذکورہ منصوبو ں کے اہداف اور انکے بنیادی عناصر کا تعارف پیش کیا۔ مارق نے توجہ دلائی کہ نیا طائف شہر موجودہ شہر کے شمال مشرق میں 1250کلو میٹر کے رقبے پر آباد کیا جائیگا۔ اس پر مجموعی لاگت 11ارب ریال آئیگی۔ انہوں نے اس موقع پر طائف کے نئے ایئرپورٹ ، عکاظ میلہ سٹی ، ٹیکنالوجی ویلی، رہائشی محلے ، انڈسٹریل سٹی اور یونیورسٹی کیمپس کاتعارف بھی پیش کیا۔ خادم حرمین شریفین نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ ان منصوبوں کو خیر و برکت کا باعث بنائے۔ انہوں نے کہا کہ ملکی امن و استحکام کا نمبر سب سے پہلے ہے۔ انہوں نے کہاکہ اللہ تعالیٰ نے ملک و قوم کو جن نعمتوں سے نہال کررکھا ہے ان پر اللہ کا شکر واجب ہے۔الحمد للہ دولت موجود ہے تاہم امن واستحکام کا درجہ دولت سمیت ہر چیز سے پہلے ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں ہمیشہ ایک بات کہتا اور دہراتا رہتا ہوں کہ اللہ تعالیٰ اس شخص پر رحمتیں نازل کرے جو مجھے میری خامیوں سے مطلع کرے۔ انہوں نے کہا کہ اگر آپ لوگ یا برادران وطن میں سے کوئی بھی جو اس وقت مجھے سن رہا ہو اپنے وطن عزیز اور حرمین شریفین کی سرزمین کے مفاد میں کوئی بات محسوس کرے تو وہ آگے بڑھ کر ہمیں پیش کرے۔ ہم وطن عزیز اور حرمین شریفین کے خدام ہیں ایسے ہر انسان کو اھلا و سہلاً کہا جائیگا۔ ہمارے دروازے اور موبائل کھلے ہوئے ہیں۔ ہم ہر شہری کی رائے غور سے سنیں گے۔ اس موقع پر گورنر مکہ مکرمہ و سربراہ طائف ڈیولپمنٹ اتھارٹی شہزادہ خالد الفیصل، سربراہ محکمہ سیاحت و قومی ورثہ شہزادہ سلطان بن سلمان ، وزیر داخلہ شہزادہ عبدالعزیز بن سعود ، نائب گورنر مکہ شہزادہ عبداللہ بن بندر اور وزراءموجود تھے.