اسلام آباد... سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار کے ترجمان نے کہا ہے کہ سابق وزیرِ داخلہ کے اختیارات اور عمل داری سے متعلق کسی کو خود ساختہ بیان دینے کی ضرورت نہیں۔ چوہدری نثار کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ چوہدری نثار مکمل طور پر بااختیار وزیرِداخلہ تھے، ان کے ماتحت تمام ادارے بشمول سول آرمڈ فورسز ان کے سامنے جواب دہ تھے۔ سابق وزیر داخلہ کے 4 سالہ دور میں وزارت داخلہ کے کسی ذیلی ادارے نے نہ تو اختیارات سے تجاوز کیا اور نہ کوئی ادارہ کبھی وزیرِ داخلہ کی حکم عدولی کا مرتکب ہوا۔ترجمان نے کہاکہ وزارتِ داخلہ اور ذیلی اداروں پر سابق وزیرِ داخلہ کی عمل داری کے حوالے سے بیان حقائق پر مبنی نہیں۔واضح رہے کہ رانا ثناللہ نے اسلام آباد میں احتساب عدالت میں وزرا کو داخل ہونے کی اجازت نہ دینے پر کہا تھا کہ آج عام آدمی کو بھی سمجھ آگئی کہ ریاست کے اندر ریاست کیا ہوتی ہے۔طاقت کا قانون نہیں قانون کی طاقت ہونی چاہیے۔ چوہدری نثار کا بھی بطور وزیر داخلہ اختیار احسن اقبال سے زیادہ نہیں تھا لیکن ان کی جگہ چوہدری نثار ہوتے تو شاید ان کا لہجہ زیادہ سخت ہوتا۔