بھاگلپور کے بیہ پور تھانے میں کرنٹ لگنے سے 2 افراد ہلاک
نئی دہلی۔۔۔۔۔۔بہار کے بھاگل پور ضلع کے نوگچھیا سب ڈویژن کے بیہ پور تھانہ علاقے کے ملکی گاؤں میں اتورا کی رات تعزیہ جلوس کے دوران کرنٹ لگنے سے2 افراد ہلاک اور 11 زخمی ہوگئے۔ نوگچھیا کے ڈپٹی پولیس سپریٹنڈنٹ مکل کمار رنجن نے بتایا کہ ملکی گاؤں میں دیر رات نکلے جلوس کے دوران اچانک تعزیہ بجلی کے تارکی زد میں آگیا۔ حادثے میں21سالہ محمد امتیاز اور50سالہ محمد محمود موقع پر ہی ہلاک ہو گئے جبکہ 11 زخمی ہوگئے۔ تمام زخمیوں کو نوگچھیا ہسپتال میں داخل کرا دیا گیا ہے۔ ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس نے کہا کہ اگر حادثے کا سبب محکمہ بجلی کے اہلکاروں کی غفلت ہے تو خاطی ملازمین کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ دریں اثناء ضلعی انتظامیہ کی طرف سے متوفی کے رشتے داروں کو چار، چار لاکھ روپے اور زخمیوں کو25ہزار روپے معاوضہ کا اعلان کیا گیاہے۔