لندن کی بسوں کا مسافر.... خرگوش
لندن ..... پالتو جانور جن میں بلیاں شامل ہیں اکثر بسوں وغیرہ کے دروازے کھلے دیکھ کر اس میں داخل ہوجاتی ہیں اور چپ چاپ سے کسی سیٹ کے نیچے بیٹھ جاتی ہیں مگر وہ اسکی عادی نہیں ہوپاتیں تاہم یہاں لوگوں نے ایک ایسے سفید فام خرگوش کو دیکھا ہے جو باقاعدگی سے بسوں او رٹرینوں میں سفر کرتا ہے۔ یہ زیادہ تر ہیکنی کے علاقے میں بس نمبر254پر سوار ہوتا ہے او رپھر ایک خاص جگہ اتر جاتا ہے۔رفتہ رفتہ بہت سے مسافر اس سے مانوس ہوچکے ہیں اور انہی مسافروں میں سے بعض نے اس کی تصاویر اور وڈیو تیار کرکے جاری کردی ہیں جو لوگوں میں بیحد مقبول ہورہی ہیں۔ کہا جاتا ہے کہ یہ وڈیو ٹویٹ کئے جانے کے کچھ دیر بعد 18ہزار بار دوبارہ ٹویٹ کیا گیا جسے 63ہزار سے زیادہ صارفین نے دیکھا اور پسند کیا۔ ابھی بس پر اس خرگوش کے سفر کی تصویر جاری ہوئے کچھ ہی دیر ہوئی تھی کہ ایک خاتون نے اسی خرگوش کی دوسری تصویر جاری کردی جس میں وہ زیر زمین ٹرین میں سفر کرتا نظر آرہا تھا۔ مسافر ٹرین کے ہوں یا بس کے اسے پسند بھی کرنے لگے ہیں تاہم پبلک ٹرانسپورٹ کا جو نیٹ ورک ہے اسکے قواعد و ضوابط میں ایسے جانورجن کے ساتھ کوئی مسافر سفر نہ کررہا ہو غیر قانونی سمجھے جاتے ہیں ۔ اس حوالے سے خرگوش کی یہ حرکت بھی غیر قانونی ہوئی مگر خرگوش کا کیا بگاڑا جاسکتا ہے؟۔